سورة محمد - آیت 26

ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمْ قَالُوا لِلَّذِينَ كَرِهُوا مَا نَزَّلَ اللَّهُ سَنُطِيعُكُمْ فِي بَعْضِ الْأَمْرِ ۖ وَاللَّهُ يَعْلَمُ إِسْرَارَهُمْ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اسی لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ کے نازل کردہ دین کو ناپسند کرنے والوں سے کہہ دیا ہے کہ ہم بعض باتوں میں تمہاری اطاعت کریں گے حالانکہ اللہ تعالیٰ ان کے رازوں کو خوب جانتا ہے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ قَالُوا لِلَّذِينَ كَرِهُوا مَا نَزَّلَ اللّٰـهُ ﴾ ” انہوں نے ان لوگوں سے کہا جنہوں نے اللہ کی نازل کردہ وحی کو برا سمجھا‘‘ جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عداوت رکھتے ہیں۔ ﴿ سَنُطِيعُكُمْ فِي بَعْضِ الْأَمْرِ ﴾ ” ہم بعض کاموں میں تمہاری اطاعت کریں گے۔“ یعنی جو ان کی خواہشات نفس کے موافق ہیں پس اس لئے اللہ تعالیٰ نے ان کی گمراہی کی پاداش میں اور ان کے ایسے رویے پر قائم رہنے، جو انہیں ابدی بدبختی اور سرمدی عذاب کی طرف لے جاتا ہے، کے سبب ان کو سزا دی۔ ﴿ وَاللّٰـهُ يَعْلَمُ إِسْرَارَهُمْ ﴾ ” اور اللہ ان کے راز جانتا ہے۔“ اسی بنا پر اللہ تعالیٰ نے ان کی فضیحت کی اور اسے اپنے مومن بندوں کے سامنے بیان کیا، تاکہ وہ فریب میں مبتلا نہ رہیں۔