سورة الجاثية - آیت 27
وَلِلَّهِ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ وَيَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ يَوْمَئِذٍ يَخْسَرُ الْمُبْطِلُونَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور آسمانوں اور زمین میں اللہ ہی کی سلطنت ہے اور جس دن قیامت بپا ہوگی اس دن اہل باطل سخت گھاٹے میں رہیں گے
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
اللہ تبارک و تعالیٰ اپنی بادشاہی کی وسعت اور تمام اوقات میں تصرف اور تدبیر میں اپنے اکیلے ہونے کے بارے میں آگاہ کرتا ہے، نیز خبر دیتا ہے : ﴿يَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ﴾ ” جس روز قیامت برپا ہوگی۔“ اور تمام مخلوق قیامت کے میدان میں جمع ہوگی تو باطل پرستوں کو جنہوں نے حق کو نیچا دکھانے کے لئے باطل کو اختیار کیا، خسارہ حاصل ہوگا۔ ان کے اعمال ضائع ہوں گے کیونکہ وہ باطل سے تعلق رکھتے ہیں۔ قیامت کے دن جب تمام حقائق عیاں ہوں گے تو اس دن ان کے اعمال باطل اور مضمحل ہوجائیں گے، ان کا اجر و ثواب ختم ہوجائے گا اور انہیں درد ناک عذاب ہوگا۔