سورة فصلت - آیت 8

إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَهُمْ أَجْرٌ غَيْرُ مَمْنُونٍ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یقینا جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے ان کے لیے اجر ہے جوکبھی منقطع نہیں ہوگا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک و تعالیٰ نے کفار کا ذکر کرنے کے بعد اہل ایمان کے اوصاف اور ان کی جزا کا ذکر فرمایا : ﴿إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا﴾ ” بے شک وہ لوگ جو ایمان لائے“ یعنی اس کتاب پر اور ان امور پر ایمان لائے جن پر کتاب مشتمل ہے اور ان اعمال صالحہ کے ذریعے سے اپنے ایمان کی تصدیق کی جو اخلاص للہ اور متابعت رسول کے جامع ہیں۔ ﴿ لَهُمْ أَجْرٌ غَيْرُ مَمْنُونٍ﴾ ” ان کے لئے ختم نہ ہونے والا اجر ہے۔“ یعنی ان کے لئے اجر عظیم ہے جو کبھی منقطع ہوگا نہ ختم ہوگا بلکہ وہ ہمیشہ رہے گا اور ہر گھڑی بڑھتیا ہی چلا جائے گا۔ یہ اجر ہر قسم کی لذات و مشتہیات پر مشتمل ہوگا۔