سورة غافر - آیت 30

وَقَالَ الَّذِي آمَنَ يَا قَوْمِ إِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُم مِّثْلَ يَوْمِ الْأَحْزَابِ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اسی مومن نے کہا میری قوم کے لوگو میں ڈرتا ہوں کہ کہیں تم کو بھی دوسری قوموں کی طرح روز بدنہ دیکھنا پڑے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَقَالَ الَّذِي آمَنَ ﴾ ” وہ شخص جو ایمان لایا تھا کہنے لگا“ یعنی اپنی قوم سے مایوس ہوئے بغیر مسلسل دعوت دیتے ہوئے۔۔۔۔۔۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف دعوت دینے والوں کی عادت ہے، وہ لوگوں کو اپنے رب کی طرف دعوت دیتے رہتے ہیں، کوئی روکنے والا انہیں روک سکتا ہے نہ کوئی سرکش انہیں بار بار دعوت دینے سے باز رکھ سکتا ہے۔۔۔۔۔۔ ان سے کہا : ﴿ يَا قَوْمِ إِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُم مِّثْلَ يَوْمِ الْأَحْزَابِ ﴾ ” اے میری قوم ! مجھے تمہاری نسبت خوف ہے کہ تم پر دوسری امتوں کی طرح کے (برے) دن کا عذاب نہ آجائے۔“ اس سے مراد وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے انبیاء کی تکذیب کی اور اکٹھے ہو کر انبیاء کی مخالفت کی۔