سورة النمل - آیت 36

فَلَمَّا جَاءَ سُلَيْمَانَ قَالَ أَتُمِدُّونَنِ بِمَالٍ فَمَا آتَانِيَ اللَّهُ خَيْرٌ مِّمَّا آتَاكُم بَلْ أَنتُم بِهَدِيَّتِكُمْ تَفْرَحُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جب وہ (ملکہ کا سفیر) سلیمان کے پاس پہنچا تو سلیمان نے کہا، کیا تم لوگ مال سے میری مدد کرنا چاہتے ہو؟ جو کچھ اللہ نے مجھے دے رکھا ہے وہ اس سے کہیں بہتر ہے جو تم کو دیا ہے لہذا تم خود ہی اپنے اس ہدیہ پر خوش ہوتے رہو۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ فَلَمَّا جَاءَ سُلَيْمَانَ ﴾ ” پس جب وہ (قاصد) سلیمان علیہ السلام کے پاس پہنچا۔“ یعنی ملکہ کے ایلچی تحائف لے کر سلیمان علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ ﴿قَالَ ﴾ تو حضرت سلیمان علیہ السلام نے ان کے انکار کرنے اور ان کی دعوت پر لبیک نہ کہنے پر سخت ناراض ہوتے ہوئے کہا : ﴿ أَتُمِدُّونَنِ بِمَالٍ فَمَا آتَانِيَ اللّٰـهُ خَيْرٌ مِّمَّا آتَاكُم﴾ ” کیا تم مجھے مال سے مدد دینا چاہتے ہو؟ جو کچھ اللہ نے مجھے عطا فرمایا ہے وہ اس سے بہتر ہے جو اس نے تمہیں دیا ہے۔“ تمہاری ان چیزوں کی میرے نزدیک کوئی وقعت نہیں اور نہ ان کے آنے پر مجھے کوئی خوشی ہی ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے بے شمار نعمتوں سے نواز کر ان چیزوں سے بے نیاز کردیا ہے۔ ﴿ بَلْ أَنتُم بِهَدِيَّتِكُمْ تَفْرَحُونَ ﴾ ” بلکہ تم ہی اپنے ہدیے پر اتراتے ہو۔“ تم دنیا سے محبت کی بنا پر ان تحائف پر اتراتے ہو، تمہارے پاس جو کچھ ہے وہ اس کی نسبت کہیں کم ہے جو اللہ تعالیٰ نے مجھے عطا کر رکھا ہے۔