سورة المؤمنون - آیت 60

وَالَّذِينَ يُؤْتُونَ مَا آتَوا وَّقُلُوبُهُمْ وَجِلَةٌ أَنَّهُمْ إِلَىٰ رَبِّهِمْ رَاجِعُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جو (اس کی راہ میں) جتنا کچھ دے سکتے ہیں بلاتامل دیتے ہیں اور (پھر بھی) ان کے دل ترساں رہتے ہیں کہ اپنے پروردگار کے حضور لوٹنا ہے،

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَالَّذِينَ يُؤْتُونَ مَا آتَوا ﴾ ” اور وہ لوگ جو دیتے ہیں جو کچھ بھی دیتے ہیں۔“ یعنی جس چیز کا انہیں حکم دیا گیا ہے مقدور بھر اس کی تعمیل کرتے ہیں، مثلاً نماز، زکوٰۃ، حج، صدقہ وغیرہ ﴿وَّ﴾ اس کے باوجود ﴿ قُلُوبُهُمْ وَجِلَةٌ ﴾ ” اس کے دل خوف زدہ ہیں۔“ ﴿أَنَّهُمْ إِلَىٰ رَبِّهِمْ رَاجِعُونَ﴾ ” اس بات سے کہ وہ اپنے رب کی طرف لوٹنے والے ہیں۔“ یعنی اپنے رب کے سامنے حاضر ہونے اور اپنے اعمال کے اس کے سامنے پیش کئے جانے سے ڈرتے ہیں کہ ان کے اعمال اللہ تعالیٰ کے عذاب سے نجات دلانے کے قابل نہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ان کا رب کیسا اور کس قسم کی عبادات کا مستحق ہے۔