سورة طه - آیت 121

فَأَكَلَا مِنْهَا فَبَدَتْ لَهُمَا سَوْآتُهُمَا وَطَفِقَا يَخْصِفَانِ عَلَيْهِمَا مِن وَرَقِ الْجَنَّةِ ۚ وَعَصَىٰ آدَمُ رَبَّهُ فَغَوَىٰ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

چنانچہ دونوں نے (یعنی آدمی اور اس کی بیوی نے) اس درخت کا پھل کھالیا اور دونوں کے ستر ان پر کھل گئے، تب ان کی حالت ایسی ہوگئی کہ باغ کے پتے توڑنے لگے اور ان سے اپنا جسم ڈھانکنے لگے، غرض کہ آدم اپنے پروردگار کے کہنے پر نہ چلا، پس وہ (جنت کی زندگی سے) بے راہ ہوگیا۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

شیطان آدم علیہ السلام کے پا س ایک ناصح کی صورت میں آیا بڑی نرمی اورحیلہ سازی کے ساتھ آدم علیہ السلام سے بات چیت کی ۔ آدم علیہ السلام اس کے فریب میں آگئے اور یوں آدم اور حواء علیہما السلام نے اس درخت کاپھل کھا لیا۔اس پر ان کوسخت ندامت ہوئی، ان کا لباس اترگیا اوران کی نافرمانی ان کے سامنے واضح ہوگئی ایک دوسرے کے سامنے ان کے ستر کھل گئے ،حالانکہ اس سے قبل وہ دونوں سترپوش تھے۔انہوں نے جنت کےدرختوں کےپتوں کے ذریعے سے اپنے آپ کو ڈھانپنا شروع کیا تاکہ اس طرح وہ ستر پوشی کرسکیں۔اس پر انہیں اس قدرخجالت ہوئی جسے اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے ۔ ﴿وَعَصَىٰ آدَمُ رَبَّهُ فَغَوَىٰ﴾”اورآدم نے اپنے رب کی نافرمانی کی اور بہک گیا گیا۔“پس انہوں نے فوراً توبہ کی اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کیااورعرض کیا: ﴿ رَبَّنَا ظَلَمْنَا أَنفُسَنَا وَإِن لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَكُونَنَّ مِنَ الْخَاسِرِينَ ﴾(الاعراف :7؍23)”اے ہمارے رب !ہم نے اپنے آپ پرظلم کیا،اگرتوہمیں بخش نہ دے اور ہم پر رحم نہ کرے توہم خسارہ پانے والوں میں سےہوجائیں گے۔“