سورة طه - آیت 6
لَهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا وَمَا تَحْتَ الثَّرَىٰ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے اور جو کچھ مٹی کے نیچے ہے (یعنی زمین کے نیچے ہے) سب اسی کا ہے اور اسی کے لیے ہے۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿ لَهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا ﴾ ” اسی کے لئے ہے جو آسمان میں ہے اور جو زمین میں ہے اور جو ان دونوں کے درمیان ہے۔“ تمام ملائکہ، جن و انس، حیوانات، جمادات اور نباتات ﴿ وَمَا تَحْتَ الثَّرَىٰ ﴾ ” اور جو کچھ سطح زمین کے نیچے ہے“ سب اللہ تعالیٰ کی ملکیت اور تمام لوگ اس کے بندے ہیں جو اس کے دست تدبیر اور اس کی قضا و قدر کے تحت مسخر ہیں۔ اقتدار الٰہی میں ان کا کوئی حصہ نہیں اور وہ خود اپنی ذات کے لئے کسی نفع و نقصان، موت و حیات اور دوبارہ اٹھائے جانے پر کوئی اختیار نہیں رکھتے۔