سورة النحل - آیت 37

إِن تَحْرِصْ عَلَىٰ هُدَاهُمْ فَإِنَّ اللَّهَ لَا يَهْدِي مَن يُضِلُّ ۖ وَمَا لَهُم مِّن نَّاصِرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(اے پیغمبر) تم ان لوگوں کے ہدایت پانے کے کتنے ہی خواہشمند ہو لیکن (یہ راہ پانے والے نہیں، کیونکہ) اللہ اس آدمی پر (کامیابی کی) راہ کبھی نہیں کھولتا جس پر (اس کے انکار و سرکشی کی وجہ سے) راہ گم کردیتا ہے اور ایسے لوگوں کے لیے مددگار بھی نہیں ہوتا (کہ انہیں نتائج عمل سے بچا لے)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿إِن تَحْرِصْ عَلَىٰ هُدَاهُمْ﴾ ” اگر آپ خواہش رکھیں ان کی ہدایت کی“ اور اس بارے میں آپ اپنی جدوجہد صرف کریں ﴿فَإِنَّ اللّٰـهَ لَا يَهْدِي مَن يُضِلُّ﴾ ” تو اللہ اس کو ہدایت نہیں دیتا جس کو وہ گمراہ کر دے“ اگرچہ وہ ہدایت کا ہر سبب ہی کیوں نہ استعمال کرلے، اللہ تعالیٰ اسے ہدایت سے نہ نوازے گا۔ ﴿وَمَا لَهُم مِّن نَّاصِرِينَ ﴾ ” اور ان کے لئے کوئی مددگار نہیں“ جو اللہ کے عذاب کے مقابلے میں ان کی مدد کرسکیں اور ان کو اللہ کے عذاب سے بچا سکیں۔