سورة الحجر - آیت 21

وَإِن مِّن شَيْءٍ إِلَّا عِندَنَا خَزَائِنُهُ وَمَا نُنَزِّلُهُ إِلَّا بِقَدَرٍ مَّعْلُومٍ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور (دیکھو) کوئی چیز ایسی نہیں ہے کہ اس کے ذخیرے ہمارے پاس نہ ہوں مگر ہم انہیں ایک ٹھہرائے ہوئے اندازہ کے مطابق ہی بھیجتے ہیں۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

یعنی ہر قسم کا رزق اور ہر قسم کی تقدیر اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کے قبضہ اختیار میں نہیں، رزق کے خزانے اسی کے ہاتھ میں ہیں وہ اپنی حکمت اور بے کراں رحمت کے مطابق جسے چاہتا ہے عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے محروم کردیتا ہے ﴿وَمَا نُنَزِّلُهُ﴾ ” اور نہیں اتارتے ہم اس کو“ یعنی ہر مقررہ چیز، جیسے بارش وغیرہ ﴿إِلَّا بِقَدَرٍ مَّعْلُومٍ﴾ ” مگر معین اندازے پر“ یعنی اس کی جو مقدار اللہ تعالیٰ نے مقرر کردی ہے، اس سے زیادہ ہوتی ہے نہ اس سے کم ہوتی ہے۔