الَّذِينَ يُوفُونَ بِعَهْدِ اللَّهِ وَلَا يَنقُضُونَ الْمِيثَاقَ
یہ وہ لوگ ہیں کہ اللہ کے ساتھ اپنا عہد (عبودیت) پورا کرتے ہیں۔ اپنا قول و قرار توڑنے والے نہیں۔
اگر آپ ان کے اوصاف کے بارے میں سوال کریں تو آپ ان اوصاف سے بڑھ کر کوئی وصف نہیں پائیں گے جن سے اللہ تعالیٰ نے ان کو موصوف کیا ہے، چنانچہ فرمایا : ﴿الَّذِينَ يُوفُونَ بِعَهْدِ اللَّـهِ ﴾ ” وہ لوگ جو اللہ کے عہد کو پورا کرتے ہیں“ وہ ذمہ داری جو اللہ تعالیٰ نے ان پر عائد کی تھی اور وہ عہد جو اللہ تعالیٰ نے ان سے لیا تھا یعنی اس کے حقوق کو کامل طور پر قائم کرنا، ان کو پوری طرح ادا کرنا یعنی ان حقوق کی نشوو نما اور ان میں خیر خواہی کرنا۔ ﴿وَ ﴾ ” اور“ ان حقوق کی تکمیل یہ ہے کہ وہ ﴿ وَلَا يَنقُضُونَ الْمِيثَاقَ ﴾ ’’وہ اقرار کو نہیں توڑتے۔“ یعنی اس عہد کو نہیں توڑتے جو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے باندھا ہے۔ اس آیت کریمہ کے حکم میں ہر قسم کا معاہدہ، عہد، قسم اور نذر وغیرہ داخل ہیں جنہیں بندے اپنے آپ پر لازم کرتے ہیں۔ اس عہد اور میثاق کو بتمام پورا کئے بغیر بندہ، عقل مندوں میں شمار نہیں ہوسکتا جن کے لئے ثواب عظیم ہے۔