سورة ھود - آیت 21
أُولَٰئِكَ الَّذِينَ خَسِرُوا أَنفُسَهُمْ وَضَلَّ عَنْهُم مَّا كَانُوا يَفْتَرُونَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
یہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی جانیں تباہی میں ڈالیں اور زندگی میں جو کچھ (حق کے خلاف) افترا پردازیاں کرتے رہے وہ سب (آخرت میں) ان سے کھوئی گئیں۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿ أُولَـٰئِكَ الَّذِينَ خَسِرُوا أَنفُسَهُمْ ﴾ ” وہی لوگ ہیں جنہوں نے خسارے میں ڈالا اپنی جانوں کو“ کیونکہ وہ سب بڑے ثواب سے محروم ہوگئے اور شدید ترین عذاب کے مستحق قرار پائے ﴿وَضَلَّ عَنْهُم مَّا كَانُوا يَفْتَرُونَ ﴾ ” اور گم ہوگیا ان سے وہ جھوٹ باندھتے تھے“ یعنی ان کا وہ دین، جس کی طرف یہ لوگوں کو دعوت دیا کرتے تھے اور جس کی یہ تحسین کیا کرتے تھے، مٹ گیا اور جب آپ کے رب کا حکم آگیا، تو ان کے وہ جھوٹے خدا ان کے کسی کام نہ آئے جن کی عبادت کیا کرتے تھے۔