سورة ص - آیت 43

وَوَهَبْنَا لَهُ أَهْلَهُ وَمِثْلَهُم مَّعَهُمْ رَحْمَةً مِّنَّا وَذِكْرَىٰ لِأُولِي الْأَلْبَابِ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

ہم نے اس کو اس کے اہل وعیال دیے اور ان کے ساتھ اتنے ہی عطا کیے یہ ہماری طرف سے رحمت تھی اور اہل عقل کے لیے درس عبرت ہے

تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ

1- بعض کہتے ہیں کہ پہلا کنبہ جو بطور آزمائش ہلاک کر دیا گیا تھا، اسے زندہ کر دیا گیا اور اس کے مثل اور مزید کنبہ عطا کر دیا گیا۔ لیکن یہ بات کسی مستند ذریعے سے ثابت نہیں ہے۔ زیادہ صحیح بات یہی معلوم ہوتی ہے کہ اللہ نے پہلے سے زیادہ مال واولاد سے انہیں نواز دیا جو پہلے سے دوگنا تھا۔ 2- یعنی ایوب (عليہ السلام) کو یہ سب کچھ ہم نےدوبارہ عطا کیا، تو اپنی رحمت خاص کے اظہار کے علاوہ اس کا دوسرا مقصد یہ ہے کہ اہل دانش اس سے نصیحت حاصل کریں اور وہ بھی ابتلا وشدائد پر اسی طرح صبر کریں جس طرح ایوب (عليہ السلام) نے کیا۔