سورة النمل - آیت 37

ارْجِعْ إِلَيْهِمْ فَلَنَأْتِيَنَّهُم بِجُنُودٍ لَّا قِبَلَ لَهُم بِهَا وَلَنُخْرِجَنَّهُم مِّنْهَا أَذِلَّةً وَهُمْ صَاغِرُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اے سفیر) تو ان کے پاس واپس چلا جا، ہم ان پر ایسے لشکر لے کرآئیں گے جن کا وہ مقابلہ نہیں کرسکیں گے اور ہم انہیں ذلیل بنا کر (وہاں سے) نکالیں گے اور وہ خوار ہوں گے

تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ

1- یہاں صیغۂ واحد سے مخاطب کیا، جب کہ اس سے قبل صیغۂ جمع سے خطاب کیاتھا۔ کیونکہ خطاب میں کبھی پوری جماعت کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔ کبھی امیر کو۔ 2- حضرت سلیمان (عليہ السلام) نرے بادشاہ ہی نہیں تھے، اللہ کے پیغمبر بھی تھے۔ اس لیے ان کی طرف سے تو لوگوں کو ذلیل و خوار کیاجانا ممکن نہیں تھا، لیکن جنگ وقتال کا نتیجہ یہی ہوتا ہے کہ کیونکہ جنگ نام ہی کشت وخون اور اسیری کا ہے اور ذلت وخواری سے یہی مراد ہے، ورنہ اللہ کے پیغمبر لوگوں کو خواہ مخواہ ذلیل وخوار نہیں کرتے۔ جس طرح نبی (ﷺ) کا طرز عمل اور اسوۂ حسنہ جنگوں کے موقع پر رہا۔