سورة طه - آیت 114

فَتَعَالَى اللَّهُ الْمَلِكُ الْحَقُّ ۗ وَلَا تَعْجَلْ بِالْقُرْآنِ مِن قَبْلِ أَن يُقْضَىٰ إِلَيْكَ وَحْيُهُ ۖ وَقُل رَّبِّ زِدْنِي عِلْمًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

پس ہر طرح کی بلندی اللہ ہی کے لیے ہے وہی جہاندار حقیقی ہے اور (اے پیغمبر) جب تک قرآن کی وحی تجھ پر پوری نہ ہوجائے تو اس میں جلدی نہ کر، تیری پکار یہ ہو کہ پروردگار میرا علم اور زیادہ کر۔

تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ

1- جس کا وعدہ اور وعید حق ہے، جنت دوزخ حق ہے اور اس کی ہر بات حق ہے۔ 2- جبرائیل (عليہ السلام) جب وحی لے کر آتے اور سناتے تو نبی (ﷺ) بھی جلدی جلدی ساتھ ساتھ پڑھتے جاتے، کہ کہیں کچھ بھول نہ جائیں، اللہ تعالٰی نے اس سے منع فرمایا اور تاکید کی کہ غور سے، پہلے وحی کو سنیں، اس کو یاد کرانا اور دل میں بٹھا دینا ہمارا کام ہے۔ جیسا کہ سورۃ القيامۃ میں آئے گا۔ 3- یعنی اللہ تعالٰی سے زیادتی علم کی دعا فرماتے رہیں۔ اس میں علماء کے لئے بھی نصیحت ہے کہ وہ فتوٰی میں پوری تحقیق اور غور سے کام لیں، جلد بازی سے بچیں اور علم میں اضافہ کی صورتیں اختیار کرنے میں کوتاہی نہ کریں علاوہ ازیں علم سے مراد قرآن و حدیث کا علم ہے۔ قرآن میں اسی کو علم سے تعبیر کیا گیا اور ان کے حاملین کو علماء دیگر چیزوں کا علم، جو انسان کسب معاش کے لئے حاصل کرتا ہے، وہ سب فن ہیں، ہنر ہیں اور صنعت وحرفت ہیں۔ نبی کریم (ﷺ) جس علم کے لئے دعا فرماتے تھے، وہ وحی ورسالت ہی کا علم ہے جو قرآن وحدیث میں محفوظ ہے، جس سے انسان کا ربط وتعلق اللہ تعالٰی کے ساتھ قائم ہوتا ہے، اس کے اخلاق وکردار کی اصلاح ہوتی اور اللہ کی رضا وعدم رضا کا پتہ چلتا ہے ایسی دعاؤں میں ایک دعا یہ ہے جو آپ پڑھا کرتے تھے۔ ’’اللَّهُمَّ انْفَعْنِي بِمَا عَلَّمْتَنِي، وَعَلِّمْنِي مَا يَنْفَعُنِي، وَزِدْنِي عِلْمًا، وَالْحَمْدُ للهِ عَلَى كُلِّ حَالٍ‘‘۔ ( ابن ماجہ، باب الانتفاع بالعلم والعمل المقدمة)