سورة مريم - آیت 57

وَرَفَعْنَاهُ مَكَانًا عَلِيًّا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور ہم نے اسے بڑے ہی اونچے مقام تک پہنچا دیا تھا۔

تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ

* حضرت ادریس علیہ السلام، کہتے ہیں کہ حضرت آدم (عليہ السلام) کے بعد پہلے نبی تھے اور حضرت نوح (عليہ السلام) کے یا ان کے والد کے دادا تھے، انہوں نے ہی سب سے پہلے کپڑے سیئے، رفعت مکان سے کیا مرادہے؟ بعض مفسرین نے اس کا مفہوم رُفِعَ إِلَى السَّمَاءِ سمجھا ہے کہ حضرت عیسیٰ (عليہ السلام) کی طرح انہیں بھی آسمان پر اٹھا لیا گیا لیکن قرآن کے الفاظ اس مفہوم کے لئے صاف نہیں ہیں اور کسی صحیح حدیث میں بھی یہ بیان نہیں ہوا۔ البتہ اسرائیلی روایات میں ان کے آسمان پر اٹھائے جانے کا ذکر ملتا ہے جو اس مفہوم کے اثبات کے لئے کافی نہیں۔ اس لئے زیادہ صحیح بات یہی معلوم ہوتی ہے کہ اس سے مراد مرتبے کی وہ بلندی ہے جو نبوت سے سرفراز کر کے انہیں عطا کی گئی۔ وَاللهُ أَعْلَمُ