سورة ابراھیم - آیت 43
مُهْطِعِينَ مُقْنِعِي رُءُوسِهِمْ لَا يَرْتَدُّ إِلَيْهِمْ طَرْفُهُمْ ۖ وَأَفْئِدَتُهُمْ هَوَاءٌ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
حیران، سراسیمہ، نظریں اٹھائے ہوئے دوڑ رہے ہوں گے، نگاہیں ہیں کہ لوٹ کر آنے والی نہیں اور دل ہیں کہ (خوف و حیرانی کے سوا ہر خیال سے) خالی ہورہے ہیں۔
تفسیر احسن البیان - حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ
1- مُهْطِعِينَ، تیزی سے دوڑ رہے ہونگے۔ دوسرے مقام پر فرمایا، ﴿مُهْطِعِينَ إِلَى الدَّاعِ﴾۔ (القمر۔18) بلانے والے کی طرف دوڑیں گے اور حیرت سے ان کے سر اٹھے ہوئے ہونگے۔ 2- جو ہولناکیاں وہ دیکھیں گے اور جو فکر اور خوف اپنے بارے میں انہیں ہوگا، ان کے پیش نظر ان کی آنکھیں ایک لمحہ کے لئے بھی پست نہیں ہونگی اور کثرت خوف سے ان کے دل گرے ہوئے اور خالی ہونگے۔