سورة الاعراف - آیت 91
فَأَخَذَتْهُمُ الرَّجْفَةُ فَأَصْبَحُوا فِي دَارِهِمْ جَاثِمِينَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
پس ایسا ہوا کہ لرزا دینے والی ہولناکی نے انہیں آلیا، اور جب ان پر صبح ہوئی تو گھروں میں اوندھے منہ پڑے تھے۔
تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ
* یہاں رَجْفَة زلزلہ کا لفظ آیا ہے اور سورۂ ہود آیت 94 میں صَيْحَةٌ ( چیخ ) کا لفظ ہے اور سورۂ شعراء ۔ 189 میں ظُلَّةٌ (بادل کا سایہ) کے الفاظ ہیں ۔ امام ابن کثیر فرماتے ہیں کہ عذاب میں ساری ہی چیزو ں کا اجتماع ہوا ۔ یعنی سائے والے دن ان پر عذاب آیا۔ پہلے بادل نے ان پر سایہ کیا جس میں شعلے ، چنگاریاں اور آگ کے بھبھوکے تھے، پھر آسمان سے سخت چیخ آئی اور زمین سے بھونچال، جس سے ان کی روحیں پرواز کر گئیں اور بےجان لاشے ہوکر پرندوں کی طرح گھٹنوں میں منہ دے کر اوندھے کے اوندھے پڑے رہ گئے ۔