وَكَم مِّن قَرْيَةٍ أَهْلَكْنَاهَا فَجَاءَهَا بَأْسُنَا بَيَاتًا أَوْ هُمْ قَائِلُونَ
اور (٢) (دیکھو کہ) کتنی ہی بستیاں ہیں جنہیں ہم نے (پاداش عمل میں) ہلاک کردیا۔ چنانچہ ایسا ہوا کہ لوگ راتوں کو بے خبر سو رہے تھے یا دوپہر کے وقت استراحت میں تھے کہ اچانک عذاب کی سختی نمودار ہوگئی۔
سابقہ باغیوں کی بستیوں کے کھنڈرات باعث عبرت ہیں ان لوگوں کو جو ہمارے رسولوں کی مخالفت کرتے تھے ، انہیں جھٹلاتے تھے ، تم سے پہلے ہم ہلاک کر چکے ہیں ۔ دنیا اور آخرت کی ذلت ان پر برس پڑی ۔ جیسے فرمان ہے : ” تجھ سے اگلے رسولوں سے بھی مذاق کیا گیا ، لیکن نتیجہ یہ ہوا کہ مذاق کرنے والوں کے مذاق نے انہیں تہہ و بالا کر دیا ۔ “ ایک اور آیت میں ہے : ” بہت سی ظالم بستیوں کو ہم نے غارت کر دیا جو اب تک الٹی پڑی ہیں ۔ “ اور جگہ ارشاد ہے : بہت سے اتراتے ہوئے لوگوں کے شہر ہم نے ویران کر دیئے ۔ دیکھ لو کہ اب تک ان کے کھنڈرات تمہارے سامنے ہیں جو بہت کم آباد ہوئے ۔ حقیقتاً وارث و مالک ہم ہی ہیں ۔ ایسے ظالموں کے پاس ہمارے عذاب اچانک آ گئے اور وہ اپنی غفلتوں اور عیاشیوں میں مشغول تھے ۔ کہیں دن کو دوپہر کے آرام کے وقت ، کہیں رات کے سونے کے وقت ۔ چنانچہ ایک آیت میں ہے «أَفَأَمِنَ أَہْلُ الْقُرَیٰ أَن یَأْتِیَہُم بَأْسُنَا بَیَاتًا وَہُمْ نَائِمُونَ أَوَأَمِنَ أَہْلُ الْقُرَیٰ أَن یَأْتِیَہُم بَأْسُنَا ضُحًی وَہُمْ یَلْعَبُونَ» ۱؎ (7-الأعراف:97) یعنی ’ لوگ اس سے بے خوف ہو گئے ہیں کہ ان کے سوتے ہوئے راتوں رات اچانک ہمارا عذاب آ جائے ؟ یا انہیں ڈر نہیں کہ دن دیہاڑے دوپہر کو ان کے آرام کے وقت ان پر ہمارے عذاب آ جائیں ؟ ‘ اور آیت میں ہے : کیا مکاریوں سے ہماری نافرمانیاں کرنے والے اس بات سے نڈر ہو گئے ہیں کہ اللہ انہیں زمین میں دھنسا دے ؟ یا ان کے پاس عذاب الٰہی اس طرح آ جائیں کہ انہیں پتہ بھی نہ چلے ، یا اللہ انہیں ان کی بے خبری میں آرام کی گھڑیوں میں ہی پکڑ لے ۔ کوئی نہیں جو اللہ کو عاجز کر سکے ، یہ تو رب کی رحمت و رافت ہے جو گنہگار زمین پر چلتے پھرتے ہیں ۔ عذاب رب آ جانے کے بعد تو یہ خود اپنی زبانوں سے اپنے گناہوں کا اقرار کر لیں گے لیکن اس وقت کیا نفع ؟ اسی مضمون کو آیت «وَکَمْ قَصَمْنَا مِن قَرْیَۃٍ کَانَتْ ظَالِمَۃً وَأَنشَأْنَا بَعْدَہَا قَوْمًا آخَرِینَ» ۱؎ (21-الأنبیاء:11) میں بیان فرمایا ہے ۔ ایک حدیث میں آیا ہے کہ { جب تک اللہ تعالیٰ بندوں کے عذر ختم نہیں کر دیتا ، انہیں عذاب نہیں کرتا ۔ عبدالملک سے جب یہ حدیث ان کے شاگردوں نے سنی تو دریافت کیا کہ اس کی صورت کیا ہے ؟ تو آپ نے یہ آیت «فَمَا کَانَ دَعْوَاہُمْ إِذْ جَاءَہُم بَأْسُنَا إِلَّا أَن قَالُوا إِنَّا کُنَّا ظَالِمِینَ» پڑھ سنائی ۔ } ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:14328:منقطع) پھر فرمایا : امتوں سے بھی ، ان کے رسولوں سے بھی یعنی سب سے قیامت کے دن سوال ہو گا ۔ جیسے فرمان ہے «وَیَوْمَ یُنَادِیْہِمْ فَیَقُوْلُ مَاذَآ اَجَبْتُمُ الْمُرْسَلِیْنَ» ۱؎ (28-القصص:65) یعنی ’ اس دن ندا کی جائے گی اور دریافت کیا جائے گا کہ تم نے رسولوں کو کیا جواب دیا ؟ ‘ اس آیت میں امتوں سے سوال کیا جانا بیان کیا گیا ہے ۔ اور آیت میں ہے «یَوْمَ یَجْمَعُ اللّٰہُ الرٰسُلَ فَیَقُوْلُ مَاذَآ اُجِبْتُمْ قَالُوْا لَا عِلْمَ لَنَا اِنَّکَ اَنْتَ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ» ۱؎ (5-المائدۃ:109) ’ رسولوں کو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ جمع کرے گا اور ان سے پوچھے گا کہ تمہیں کیا جواب ملا ؟ وہ کہیں گے کہ ہمیں کوئی علم نہیں ، غیب کا جاننے والا تو ہی ہے ۔ ‘ پس امت سے رسولوں کی قبولیت کی بابت اور رسولوں سے تبلیغ کی بابت قیامت کے دن سوال ہو گا ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : { تم میں سے ہر ایک بااختیار ہے اور اپنے زیر اختیار لوگوں کی بابت اس سے سوال کیا جانے والا ہے ۔ بادشاہ سے اس کی رعایا کا ، ہر آدمی سے اس کے اہل و عیال کا ، ہر عورت سے اس کے خاوند کے گھر کا ، ہر غلام سے اس کے آقا کے مال کا سوال ہو گا ۔ } راوی حدیث طاؤس نے اس حدیث کو بیان فرما کر پھر اسی آیت کی تلاوت کی ۔ اس زیادتی کے بغیر یہ حدیث بخاری و مسلم کی نکالی ہوئی بھی ہے ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:893) اور زیادتی ابن مردویہ نے نقل کی ہے ۔ قیامت کے دن اعمال نامے رکھے جائیں گے اور سارے اعمال ظاہر ہو جائیں گے ۔ اللہ تعالیٰ ہر شخص کو اس کے اعمال کی خبر دے گا ۔ کسی کے عمل کے وقت اللہ غائب نہ تھا ۔ ہر ایک چھوٹے بڑے ، چھپے کھلے عمل کی اللہ کی طرف سے خبر دی جائے گی ۔ اللہ ہر شخص کے اعمال سے باخبر ہے ، اس پر کوئی چیز پوشیدہ نہیں ۔ نہ وہ کسی چیز سے غافل ہے ۔ آنکھوں کی خیانت سے سینوں کی چھپی ہوئی باتوں کا جاننے والا ہے ۔ ’ ہر پتے کے جھڑنے کا اسے علم ہے ۔ زمین کی اندھیریوں میں جو دانہ ہوتا ہے ، اسے بھی وہ جانتا ہے ۔ تر و خشک چیز اس کے پاس کھلی کتاب میں موجود ہے ۔ ‘ ۱؎ (6-الأنعام:59)