سورة المآئدہ - آیت 119

قَالَ اللَّهُ هَٰذَا يَوْمُ يَنفَعُ الصَّادِقِينَ صِدْقُهُمْ ۚ لَهُمْ جَنَّاتٌ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا أَبَدًا ۚ رَّضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ ۚ ذَٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِيمُ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اللہ کہے گا کہ : یہ وہ دن ہے جس میں سچے لوگوں کو ان کا سچ فائدہ پہنچائے گا۔ ان کے لیے وہ باغات ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، جن میں یہ لوگ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ ان سے خوش ہے اور یہ اس سے خوش ہیں۔ یہی بڑی زبردست کامیابی ہے۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

موحدین کے لیے خوش خبریاں حضرت عیسیٰ ابن مریم علیہ السلام کو ان کی بات کا جو جواب قیامت کے دن ملے گا اس کا بیان ہو رہا ہے کہ ’ آج کے دن موحدوں کو توحید نفع دے گی ، وہ ہمیشگی والی جنت میں جائیں گے ، وہ اللہ سے خوش ہوں گے اور اللہ ان سے خوش ہو گا ، «وَرِضْوَانٌ مِّنَ اللہِ أَکْبَرُ» ۱؎ (9-التوبۃ:72) فی الواقع رب کی رضا مندی زبردست چیز ہے ‘ ۔ ابن ابی حاتم کی حدیث میں ہے کہ { پھر اللہ تعالیٰ ان پر تجلی فرمائے گا اور ان سے کہے گا تم جو چاہو مجھ سے مانگو میں دوں گا ، وہ اللہ تعالیٰ سے اس کی خوشنودی طلب کریں گے ، اللہ تعالیٰ سب کے سامنے اپنی رضا مندی کا اظہار کرے گا } ۔ ۱؎ (تفسیر ابن ابی حاتم:1256/4:ضعیف) پھر فرماتا ہے ’ یہ ایسی بے مثل کامیابی ہے جس سے بڑھ کر اور کوئی کامیابی نہیں ہو سکتی ‘ ۔ جیسے اور جگہ ہے «‏‏‏‏لِمِثْلِ ہٰذَا فَلْیَعْمَلِ الْعَامِلُونَ» ۱؎ ‏‏‏‏(37-الصفات:61) ’ اسی کیلئے عمل کرنے والوں کو عمل کی کوشش کرنی چاہیئے ‘ ۔ اور آیت میں ہے «وَفِی ذٰلِکَ فَلْیَتَنَافَسِ الْمُتَنَافِسُونَ» (83-المطففین:26) ’ رغبت کرنے والے اس کی رغبت کر لیں ‘ ۔ پھر فرماتا ہے ’ سب کا خالق ، سب کا مالک ، سب پر قادر ، سب کا متصرف اللہ تعالیٰ ہی ہے ، ہر چیز اسی کی ملکیت میں اسی کے قبضے میں اسی کی چاہت میں ہے ، اس جیسا کوئی نہیں ، نہ کوئی اس کا وزیر و مشیر ہے ، نہ کوئی نظیر و عدیل ہے نہ اس کی ماں ہے ، نہ باپ ، نہ اولاد نہ بیوی ۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں نہ کوئی اس کے سوا رب ہے ‘ ۔ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ما فرماتے ہیں ۔ سب سے آخری سورت یہی سورۃ المائدہ اتری ہے ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:3063،قال الشیخ الألبانی:-ضعیف) [ الحمداللہ سورۃ المائدہ کی تفسیر ختم ہوئی ]