إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ
(خدایا !) ہم صرف تیری ہی بندگی کرتے ہیں اور صرف تو ہی ہے جس سے (اپنی ساری احتیاجوں میں) مدد مانگتے ہین
عبادت کا مفہوم ساتوں قاریوں اور جمہور نے اسے «إِیَّاکَ» پڑھا ہے ۔ عمرو بن فائد نے «اِیَاکَ» پڑھا ہے ۔ لیکن یہ قراۃ شاذ اور مردود ہے ۔ اس لیے کہ «اِیاَ» کے معنی سورج کی روشنی کے ہیں اور بعض نے «أَیَّاکَ» پڑھا ہے اور بعض نے «ہَیَّاکَ» پڑھا ہے ۔ عرب شاعروں کے شعر میں بھی «َھیَّاکَ» ہے ۔ «نَسْتَعِینُ» کی یہی قرأت تمام کی ہے ۔ سوائے یحییٰ بن وثاب اور اعمش کے ۔ یہ دونوں پہلے نون کو زیر سے پڑھتے ہیں ۔ قبیلہ بنو اسد ، ربیعہ بنت تمیم کی لغت اسی طرح پر ہے ۔ لغت میں عبادت کہتے ہیں ذلت اور پستی کو طریق معبد اس راستے کو کہتے ہیں جو ذلیل ہو ۔ اسی طرح «بَعِیرٌ مُعَبَّدٌ» اس اونٹ کو کہتے ہیں جو بہت دبا اور جھکا ہوا ہو اور شریعت میں عبادت نام ہے محبت ، خشوع ، خضوع اور خوف کے مجموعے کا ۔ لفظ «اِیَّاکَ» کو جو مفعول ہے پہلے لائے اور پھر اسی کو دہرایا تاکہ اس کی اہمیت ہو جائے اور عبادت اور طلب مدد اللہ تعالیٰ ہی کے لیے مخصوص ہو جائے تو اس جملہ کے معنی یہ ہوئے کہ ہم تیرے سوا کسی کی عبادت نہیں کرتے اور نہ کریں گے اور تیرے سوا کسی پر بھروسہ نہیں کرتے اور نہ کریں گے ۔ کامل اطاعت اور پورے دین کا حاصل صرف یہی دو چیزیں ہیں ۔ بعض سلف کا فرمان ہے کہ سارے قرآن کا راز سورۃ فاتحہ میں ہے اور پوری سورت کا راز اس آیت «إِیَّاکَ نَعْبُدُ وَإِیَّاکَ نَسْتَعِینُ» میں ہے ۔ آیت کے پہلے حصہ میں شرک سے بیزاری کا اعلان ہے اور دوسرے جملہ میں اپنی طاقتوں اور قوتوں کے کمال کا انکار ہے اور اللہ عزوجل کی طرف اپنے تمام کاموں کی سپردگی ہے ۔ اس مضمون کی اور بھی بہت سی آیتیں قرآن پاک میں موجود ہیں ۔ جیسے فرمایا : «فَاعْبُدْہُ وَتَوَکَّلْ عَلَیْہِ وَمَا رَبٰکَ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعْمَلُونَ» ۱؎ (11-ہود:123) الخ یعنی ’اللہ ہی کی عبادت کرو اور اسی پر بھروسہ کرو تمہارا رب تمہارے اعمال سے غافل نہیں‘ ۔ فرمایا : «قُلْ ہُوَ الرَّحْمٰنُ آمَنَّا بِہِ وَعَلَیْہِ تَوَکَّلْنَا» ۲؎ (67-الملک:29) الخ یعنی ’کہہ دے کہ وہی رحمان ہے ہم اس پر ایمان لے آئے اور اسی پر ہم نے توکل کیا‘ ۔ فرمایا : «رَبٰ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ لَا إِلٰہَ إِلَّا ہُوَ فَاتَّخِذْہُ وَکِیلًا» ۳؎ (73-المزمل:9) الخ یعنی ’مشرق مغرب کا رب وہی ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں تو اسی کو اپنا کارساز سمجھ‘ ۔ یہی مضمون اس آیۃ کریمہ میں ہے اس سے پہلے کی آیات میں تو خطاب نہ تھا لیکن اس آیت میں اللہ تعالیٰ سے خطاب کیا گیا ہے جو نہایت لطافت اور مناسبت رکھتا ہے اس لیے کہ جب بندے نے اللہ تعالیٰ کی صفت و ثنا بیان کی تو قرب الہٰی میں حاضر ہو گیا اللہ جل جلالہ کے حضور میں پہنچ گیا ، اب اس مالک کو خطاب کر کے اپنی ذلت اور مسکینی کا اظہار کرنے لگا اور کہنے لگا کہ ”الہٰ“ ہم تو تیرے ذلیل غلام ہیں اور اپنے تمام کاموں میں تیرے ہی محتاج ہیں ۔ اس آیت میں اس بات کی بھی دلیل ہے کہ اس سے پہلے کے تمام جملوں میں خبر تھی ۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی بہترین صفات پر اپنی ثناء آپ کی تھی اور بندوں کو اپنی ”ثناء“ انہی الفاظ کے ساتھ بیان کرنے کا ارشاد فرمایا تھا اسی لیے اس شخص کی نماز صحیح نہیں جو اس سورت کو پڑھنا جانتا ہو اور پھر نہ پڑھے ۔ جیسے کہ بخاری مسلم کی حدیث میں سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ {رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”اس شخص کی نماز نہیں جو نماز میں سورۃ فاتحہ نہ پڑھے“} ۱؎ ۔ (صحیح بخاری:756) صحیح مسلم میں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ {رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ میں نے نماز کو اپنے اور اپنے بندے کے درمیان [نصف نصف] بانٹ لیا ہے اس کا آدھا حصہ میرا ہے اور آدھا حصہ میرے بندے کے لیے ہے اور میرے بندے کے لیے وہ ہے جو وہ طلب کرے ۔ جب بندہ «الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ» کہتا ہے ، تو اللہ فرماتا ہے «حَمِدَنِی عَبْدِی» میرے بندے نے میری حمد بیان کی ۔ جب کہتا ہے «الرَّحْمٰنِ الرَّحِیمِ» ، اللہ فرماتا ہے «أَثْنَی عَلَیَّ عَبْدِی» میرے بندے نے میری ثنا کی ۔ جب وہ کہتا ہے «مَالِکِ یَوْمِ الدِّینِ» ، اللہ فرماتا ہے «مَجَّدَنِی عَبْدِی» میرے بندے نے میری بزرگی بیان کی ۔ جب وہ «إِیَّاکَ نَعْبُدُ وَإِیَّاکَ نَسْتَعِینُ» کہتا ہے ، تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے «ہَذَا بَیْنِی وَبَیْنَ عَبْدِی وَلِعَبْدِی مَا سَأَلَ» یہ میرے اور میرے بندے کے درمیان ہے اور میرے بندے کے لیے وہ ہے جو وہ مانگے ۔ پھر وہ آخر سورت تک پڑھتا ہے ، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے «ہَذَا لِعَبْدِی وَلِعَبْدِی مَا سَأَلَ» یہ میرے بندے کے لیے ہے اور میرا بندہ جو مجھ سے مانگے اس کے لیے ہے“} ۲؎ ۔ (صحیح مسلم:395) عبادت اور طلب مدد سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں «إِیَّاکَ نَعْبُدُ» کے معنی یہ ہیں کہ اے ہمارے رب ہم خاص تیری ہی توحید مانتے ہیں اور تجھ سے ڈرتے ہیں اور تیری اسی ذات سے امید رکھتے ہیں تیرے سوا کسی اور کی نہ ہم عبادت کریں ، نہ ڈریں ، نہ امید رکھیں ۔ اور «إِیَّاکَ نَسْتَعِینُ» سے یہ مراد ہے کہ ہم تیری تمام اطاعت اور اپنے تمام کاموں میں تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں ۱؎ (تفسیر ابن ابی حاتم:19/1) قتادہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں مطلب یہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کا حکم ہے کہ تم سب اسی کی خالص عبادت کرو اور اپنے تمام کاموں میں اسی سے مدد مانگو ۲؎ (تفسیر ابن ابی حاتم:20/1) «إِیَّاکَ نَعْبُدُ» کو پہلے لانا اس لیے ہے کہ اصل مقصود اللہ تعالیٰ کی عبادت ہی ہے اور مدد کرنا یہ عبادت کا وسیلہ اور اہتمام اور اس پر پختگی ہے اور یہ ظاہر ہے کہ زیادہ اہمیت والی چیز کو مقدم کیا جاتا ہے اور اس سے کمتر کو اس کے بعد لایا جاتا ہے ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» اگر یہ کہا جائے کہ یہاں جمع کے صیغہ کو لانے کی یعنی ہم کہنے کی کیا ضرورت ہے ؟ اگر یہ جمع کے لیے ہے تو کہنے والا تو ایک ہے اور اگر تعظیم کے لیے ہے تو اس مقام پر نہایت نامناسب ہے کیونکہ یہاں تو مسکینی اور عاجزی ظاہر کرنا مقصود ہے اس کا جواب یہ ہے کہ گویا ایک بندہ تمام بندوں کی طرف سے خبر دے رہا ہے ۔ بالخصوص جبکہ وہ جماعت میں کھڑا ہو یا امام بنا ہوا ہو ۔ پس گویا وہ اپنی اور اپنے سب مومن بھائیوں کی طرف سے اقرار کر رہا ہے کہ وہ سب اس کے بندے ہیں اور اسی کی عبادت کے لیے پیدا کیے گئے ہیں اور یہ ان کی طرف سے بھلائی کے لیے آگے بڑھا ہوا ہے ۔ بعض نے کہا ہے کہ یہ تعظیم کے لیے ہے گویا کہ بندہ جب عبادت میں داخل ہوتا ہے تو اسی کو کہا جاتا ہے کہ تو شریف ہے اور تیری عزت ہمارے دربار میں بہت زیادہ ہے تو اب «إِیَّاکَ نَعْبُدُ وَإِیَّاکَ نَسْتَعِینُ» کہا یعنی اپنے تئیں عزت سے یاد کر ۔ ہاں اگر عبادت سے الگ ہو تو اس وقت ہم نہ کہے چاہے ہزاروں لاکھوں میں ہو کیونکہ سب کے سب اللہ تعالیٰ کے محتاج اور اس کے دربار کے فقیر ہیں ۔ بعض کا قول ہے کہ «إِیَّاکَ نَعْبُدُ» میں جو تواضع اور عاجزی ہے وہ «إِیَّاکَ عَبَدنَا» میں نہیں اس لیے کہ اس میں اپنے نفس کی بڑائی اور اپنی عبادت کی اہلیت پائی جاتی ہے حالانکہ کوئی بندہ اللہ تعالیٰ کی پوری عبادت اور جیسی چاہے ویسی ثنا و صفت بیان کرنے پر قدرت ہی نہیں رکھتا ۔ کسی شاعر کا قول ہے [ترجمہ] کہ مجھے اس کا غلام کہہ کر ہی پکارو کیونکہ میرا سب سے اچھا نام یہی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول [ صلی اللہ علیہ وسلم ] کا نام عبد یعنی غلام ان ہی جگہوں پر لیا جہاں اپنی بڑی بڑی نعمتوں کا ذکر کیا جیسے قرآن نازل کرنا ، نماز میں کھڑے ہونا ، معراج کرانا وغیرہ ، فرمایا : «الْحَمْدُ لِلہِ الَّذِی أَنْزَلَ عَلَیٰ عَبْدِہِ الْکِتَابَ» ۱؎ (18-الکہف:1) الخ ، فرمایا : «وَأَنَّہُ لَمَّا قَامَ عَبْدُ اللہِ یَدْعُوہُ» ۲؎ (72-الجن:19) الخ ، فرمایا : «سُبْحَانَ الَّذِی أَسْرَیٰ بِعَبْدِہِ لَیْلًا» ۳؎ (17-الإسراء:1) الخ ، ساتھ ہی قرآن پاک نے یہ تعلیم دی کہ اے نبی جس وقت تمہارا دل مخالفین کے جھٹلانے کی وجہ سے تنگ ہو تو تم میری عبادت میں مشغول ہو جاؤ ۔ فرمان ہے : «وَلَقَدْ نَعْلَمُ أَنَّکَ یَضِیقُ صَدْرُکَ بِمَا یَقُولُونَ» * «فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ وَکُنْ مِنَ السَّاجِدِینَ» * «وَاعْبُدْ رَبَّکَ حَتَّیٰ یَأْتِیَکَ الْیَقِینُ» ۴؎ (15-الحجر:97-98-99) یعنی ’ہم جانتے ہیں کہ مخالفین کی باتیں تیرا دل دکھاتی ہیں تو ایسے وقت اپنے رب کی تسبیح اور حمد بیان کر اور سجدہ کر اور موت کے وقت تک اپنے رب کی عبادت میں لگا رہ‘ ۔ رازی رحمہ اللہ نے اپنی تفسیر میں بعض لوگوں سے نقل کیا ہے کہ عبودیت کا مقام رسالت کے مقام سے افضل ہے کیونکہ عبادت کا تعلق مخلوق سے خالق کی طرف ہوتا اور رسالت کا تعلق حق سے خلق کی طرف ہوتا ہے اور اس دلیل سے بھی کہ عبد کی کل اصلاح کے کاموں کا متولی خود اللہ تبارک و تعالیٰ ہوتا ہے اور رسول اپنی امت کی مصلحتوں کا والی ہوتا ہے ۔ لیکن یہ قول غلط ہے اور اس کی یہ دونوں دلیلیں بھی بودی اور لاحاصل ہیں ۔ افسوس رازی نے نہ تو اس کو ضعیف کہا نہ اسے رد کیا ۔ بعض صوفیوں کا قول ہے کہ عبادت یا تو ثواب حاصل کرنے کے لیے ہوتی ہے یا عذاب دفع کرنے کے لیے ، وہ کہتے ہیں یہ کوئی فائدے کی بات نہیں اس لیے کہ اس وقت مقصود خود اپنی مراد کا حاصل کرنا ٹھہرا ۔ اس کی تکالیف کے لیے آمادگی کرنا یہ بھی ضعیف ہے ۔ اعلیٰ مرتبہ عبادت یہ ہے کہ انسان اس مقدس ذات کی جو تمام کامل صفتوں سے موصوف ہے محض اس کی ذات کے لیے عبادت کرے اور مقصود کچھ نہ ہو ۔ اسی لیے نمازی کی نیت نہ نماز پڑھنے کی ہوتی ہے اگر وہ ثواب پانے اور عذاب سے بچنے کے لیے ہو تو باطل ہے ۔ دوسرا گروہ ان کی تردید کرتا ہے اور کہتا ہے کہ عبادت کا اللہ تعالیٰ کے لیے ہونا کچھ اس کے خلاف نہیں کہ ثواب کی طلب اور عذاب کا بچاؤ مطلوب نہ ہو اس کی دلیل یہ ہے کہ {ایک اعرابی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر کہا کہ اے اللہ کے رسول ! میں نہ تو آپ جیسا پڑھنا جانتا ہوں نہ معاذ جیسا ، میں تو اللہ تعالیٰ سے جنت کا سوال کرتا ہوں اور جہنم سے نجات چاہتا ہوں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”اسی کے قریب قریب ہم بھی پڑھتے ہیں“} ۵؎ ۔ (سنن ابوداود:792،قال الشیخ الألبانی:صحیح)