وَنُفِخَ فِي الصُّورِ فَإِذَا هُم مِّنَ الْأَجْدَاثِ إِلَىٰ رَبِّهِمْ يَنسِلُونَ
اور ایک صور میں پھونکا جائے گا تو یکایک یہ قبروں سے نکل کر اپنے رب کی طرف تیزی سے چلنے لگیں گے
قیامت کے دوسرے نفخہ پر لوگوں کا حال ان آیتوں میں دوسرے نفخہ کا ذکر ہو رہا ہے ۔ جس سے مردے جی اٹھیں گے ۔ «یَنسِلُوْنَ» کا مصدر نسلان سے ہے اور اس کے معنی تیز چلنے کے ہیں ۔ جیسے اور آیت میں ہے «یَوْمَ یَخْرُجُوْنَ مِنَ الْاَجْدَاثِ سِرَاعًا کَاَنَّہُمْ اِلٰی نُصُبٍ یٰوْفِضُوْنَ» ( 70- المعارج : 43 ) ، جس دن یہ قبروں سے نکل کر اس تیزی سے چلیں گے کہ گویا وہ کسی نشان منزل کی طرف لپکے جا رہے ہیں ۔ چونکہ دنیا میں انہیں قبروں سے جی اٹھنے کا ہمیشہ انکار رہا تھا اس لیے آج یہ حالت دیکھ کر کہیں گے کہ ہائے افسوس ہمارے سونے کی جگہ سے ہمیں کس نے اٹھایا ؟ اس سے قبر کے عذاب کا نہ ہونا ثابت نہیں ہوتا اس لیے کہ جس ہول و شدت کو جس تکلیف اور مصیبت کو یہ اب دیکھیں گے اس کی بہ نسبت تو قبر کے عذاب بیحد خفیف ہی تھے گویا کہ وہ وہاں آرام میں تھے ، بعض بزرگوں نے یہ بھی فرمایا ہے کہ اس سے پہلے ذرا سی دیر کے لیے فی الواقع انہیں نیند آ جائے گی ، حضرت قتادہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں پہلے نفخہ اور اس دوسرے نفخہ کے درمیان یہ سو جائیں گے ، اس لیے اب اٹھ کر یوں کہیں گے ، اس کا جواب ایماندار لوگ دیں گے کہ اسی کا وعدہ اللہ نے کیا تھا اور یہی اللہ کے سچے رسول صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ جواب فرشتے دیں گے ۔ بہرحال دونوں قولوں میں اس طرح تطبیق بھی ہو سکتی ہے کہ مومن بھی کہیں اور فرشتے بھی کہیں «وَاللہُ اَعْلَمُ» حضرت عبدالرحمٰن بن زید رحمہ اللہ کہتے ہیں یہ کل قول کافروں کا ہی ہے لیکن صحیح بات وہ ہے جسے ہم نے پہلے نقل کیا جیسے کہ سورۃ الصافات میں ہے کہ «وَقَالُوا یَا وَیْلَنَا ہٰذَا یَوْمُ الدِّینِ ہٰذَا یَوْمُ الْفَصْلِ الَّذِی کُنتُم بِہِ تُکَذِّبُونَ» ( 37-الصافات : 20 ، 21 ) یہ کہیں گے ہائے افسوس ہم پر یہ جزا کا دن ہے یہی فیصلہ کا دن ہے جسے ہم جھٹلاتے تھے اور آیت میں ہے «وَیَوْمَ تَقُومُ السَّاعَۃُ یُقْسِمُ الْمُجْرِمُونَ مَا لَبِثُوا غَیْرَ سَاعَۃٍ کَذٰلِکَ کَانُوا یُؤْفَکُونَ وَقَالَ الَّذِینَ أُوتُوا الْعِلْمَ وَالْإِیمَانَ لَقَدْ لَبِثْتُمْ فِی کِتَابِ اللہِ إِلَیٰ یَوْمِ الْبَعْثِ فَہٰذَا یَوْمُ الْبَعْثِ وَلٰکِنَّکُمْ کُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ» ( 30-الروم : 55 ، 56 ) ، جس دن قیامت برپا ہو گی گنہگار قسمیں کھا کھا کر کہیں گے کہ وہ صرف ایک ساعت ہی رہے ہیں اسی طرح وہ ہمیشہ حق سے پھرے رہے ، اس وقت با ایمان اور علماء فرمائیں گے تم اللہ کے لکھے ہوئے کے مطابق قیامت کے دن تک رہے یہی قیامت کا دن ہے لیکن تم محض بےعلم ہو ۔ تم تو اسے ان ہونی مانتے تھے حالانکہ وہ ہم پر بالکل سہل ہے ایک آواز کی دیر ہے کہ ساری مخلوق ہمارے سامنے موجود ہو جائے گی ، جیسے اور آیت میں ہے کہ «فَإِنَّمَا ہِیَ زَجْرَۃٌ وَاحِدَۃٌ فَإِذَا ہُم بِالسَّاہِرَۃِ» ( 79-النازعات : 13 ، 14 ) ایک ڈانٹ کے ساتھ ہی سب میدان میں مجتمع موجود ہوں گے ۔ اور آیت میں فرمایا «وَمَا أَمْرُ السَّاعَۃِ إِلَّا کَلَمْحِ الْبَصَرِ أَوْ ہُوَ أَقْرَبُ» ( 16-النحل : 77 ) امر قیامت تو مثل آنکھ جھپکانے کے بلکہ اس سے بھی زیادہ قریب ہے ، اور جیسے فرمایا «یَوْمَ یَدْعُوْکُمْ فَتَسْتَجِیْبُوْنَ بِحَمْدِہٖ وَتَظُنٰوْنَ اِنْ لَّبِثْتُمْ اِلَّا قَلِیْلًا» ( 17- الإسراء : 52 ) جس دن وہ تمہیں بلائے گا اور تم اس کی تعریف کرتے ہوئے اسے جواب دو گے اور یقین کر لو گے کہ تم بہت ہی کم مدت رہے ۔ الغرض حکم کے ساتھ ہی سب حاضر سامنے موجود ۔ اس دن کسی کا کوئی عمل مارا نہ جائے گا ، ہر ایک کو اس کے کئے ہوئے اعمال کا ہی بدلہ دیا جائے گا ۔