سورة الشعراء - آیت 165

أَتَأْتُونَ الذُّكْرَانَ مِنَ الْعَالَمِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

کیا تم ساری خدائی میں سے مردوں کے پاس جاتے ہو

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

ہم جنسی پرستی کا شکار لوط نبی علیہ السلام نے اپنی قوم کو ان کی خاص بدکاری سے روکا کہ تم مردوں کے پاس شہوت سے نہ آؤ ۔ ہاں اپنی حلال بیویوں سے اپنی خواہش پوری کر جنہیں اللہ نے تمہارے لیے جوڑا بنا دیا ہے ۔ رب کی مقرر حدوں کا ادب واحترام کرو ۔ اس کا جواب ان کے پاس یہی تھا کہ اے لوط علیہ السلام اگر تو باز نہ آیا تو ہم تجھے جلا وطن کر دیں گے انہوں نے آپس میں مشورہ کیا کہ ان پاکبازوں لوگوں کو تو الگ کر دو ۔ یہ دیکھ کر آپ علیہ السلام نے ان سے بیزاری اور دست برداری کا اعلان کر دیا ، اور فرمایا کہ ” میں تمہارے اس برے کام سے ناراض ہوں میں اسے پسند نہیں کرتا میں اللہ کے سامنے اپنی برأت کا اظہار کرتا ہوں “ ۔ پھر اللہ سے ان کی لیے بد دعا کی اور اپنی اور اپنے گھرانے کی نجات طلب کی ۔ اللہ تعالیٰ نے سب کو نجات دی مگر آپ علیہ السلام کی بیوی نے اپنی قوم کا ساتھ دیا اور انہی کے ساتھ تباہ ہوئی جیسے کہ سورۃ الاعراف ، سورۃ ہود اور سورۃ الحجر میں بالتفصیل بیان گزر چکا ہے ۔ آپ علیہ السلام اپنے والوں کو لے کر اللہ کے فرمان کے مطابق اس بستی سے چل کھڑے ہوئے حکم تھا کہ آپ علیہ السلام کے نکلتے ہی ان پر عذاب آئے گا اس وقت پلٹ کر ان کی طرف دیکھنا بھی نہیں ۔ پھر ان سب پر عذاب برسا اور سب برباد کر دئیے گئے ۔ ان پر آسمان سے سنگ باری ہوئی ۔ اور انکا انجام بد ہوا ۔ یہ بھی عبرتناک واقعہ ہے ان میں سے بھی اکثر بے ایمان تھے ۔ رب کے غلبے میں اس کے رحم میں کوئی شک نہیں ۔