وَيَقُولُونَ مَتَىٰ هَٰذَا الْوَعْدُ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ
اور یہ کہتے ہیں اگر تم سچے ہو تو بتلاؤ یہ وعدہ کب ظہور میں آئے گا؟
خود عذاب کے طالب لوگ عذاب الٰہی کو ، قیامت کے آنے کو یہ لوگ چونکہ محال جانتے تھے ، اس لیے جرأت سے کہتے تھے کہ بتاؤ تو سہی تمہارے یہ ڈراوے کب پورے ہوں گے ؟ انہیں جواب دیا جاتا ہے کہ ’ تم اگر سمجھ دار ہوتے اور اس دن کی ہولناکیوں سے آگاہ ہوتے تو جلدی نہ مچاتے ‘ ۔ «لَہُم مِّن فَوْقِہِمْ ظُلَلٌ مِّنَ النَّارِ وَمِن تَحْتِہِمْ ظُلَلٌ» ۱؎ (39-الزمر:16) ’ اس وقت عذاب الٰہی اوپر تلے سے اوڑھنا بچھونا بنے ہوئے ہونگے ‘ ، «لَہُم مِّن جَہَنَّمَ مِہَادٌ وَمِن فَوْقِہِمْ غَوَاشٍ وَکَذٰلِکَ نَجْزِی الظَّالِمِینَ» ۱؎ (7-الأعراف:41) ’ طاقت نہ ہوگی کہ آگے پیچھے سے اللہ کا عذاب ہٹا سکو ‘ ۔ «سَرَابِیلُہُم مِّن قَطِرَانٍ وَتَغْشَیٰ وُجُوہَہُمُ النَّارُ» ۱؎ (14-ابراھیم:50) ’ گندھک کا لباس ہوگا جس میں آگ لگی ہوئی ہوگی اور کھڑے جل رہے ہوں گے ، ہرطرف سے جہنم گھیرے ہوئے ہوگی ‘ ۔ «وَمَا لَہُم مِّنَ اللہِ مِن وَاقٍ» ۱؎ (13-الرعد:34) ’ کوئی نہ ہوگا جو مدد کو اٹھے ۔ جہنم اچانک دبوچ لے گی ۔ اس وقت ہکے بکے رہ جاؤ گے ، مبہوت اور بے ہوش ہو جاؤ گے ، حیران و پریشان ہو جاؤ گے ، کوئی حیلہ نہ ملے گا کہ اسے دفع کرو ، اس سے بچ جاؤ اور نہ ایک ساعت کی ڈھیل اور مہلت ملے گی ‘ ۔