سورة یونس - آیت 55
أَلَا إِنَّ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۗ أَلَا إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَهُمْ لَا يَعْلَمُونَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
یاد رکھو آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے سب اللہ ہی کے لیے (اس کے سوا کوئی نہیں جسے حکم و تصرف میں کچھ دخل ہو) اور یہ بات بھی نہ بھولو کہ اللہ کا وعدہ حق ہے، (وہ کبھی ٹل نہیں سکتا) مگر ان میں زیادہ تر ایسے ہیں جو یہ بات نہیں جانتے۔
ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب
خالق کل عالم کل ہے مالک آسمان و زمین مختار کل کائنات اللہ تعالیٰ ہی ہے ۔ اللہ کے وعدے سچے ہیں وہ پورے ہو کر ہی رہیں گے ۔ یہ اور بات ہے کہ اکثر لوگ علم نہیں رکھتے ۔ جلانے مارنے والا وہی ہے ، سب باتوں پر وہ قادر ہے ۔ جسم سے علیحدہ ہونے والی چیز کو ، اس کے بکھر کر بگڑ کر ٹکڑے ہونے کو وہ جانتا ہے اس کے حصے کن جنگلوں میں کن دریاؤں میں کہاں ہیں وہ خوب جانتا ہے ۔