وَيَوْمَ يَحْشُرُهُمْ كَأَن لَّمْ يَلْبَثُوا إِلَّا سَاعَةً مِّنَ النَّهَارِ يَتَعَارَفُونَ بَيْنَهُمْ ۚ قَدْ خَسِرَ الَّذِينَ كَذَّبُوا بِلِقَاءِ اللَّهِ وَمَا كَانُوا مُهْتَدِينَ
اور جس دن ایسا ہوگا کہ اللہ ان سب کو اپنے حضور جمع کرے گا اس دن انہیں ایسا معلوم ہوگا گویا (دنیا میں) اس سے زیادہ نہیں ٹھہرے جیسے گھڑی بھر کو لوگ ٹھہر جائیں اور آپس میں صاحب سلامت کرلیں (تو) بلاشبہ وہ لوگ بڑے ہی گھاٹے میں رہے جنہوں نے اللہ کی ملاقات کا اعتقاد جھٹلایا اور وہ کبھی (کامیابی کی) راہ پانے والے نہ تھے۔
جب سب اپنی قبر سے اٹھیں گے بیان ہو رہا ہے کہ ’ وہ وقت بھی آ رہا ہے جب قیامت قائم ہوگی اور لوگوں کو اللہ تعالیٰ ان کی قبروں سے اٹھا کر میدان قیامت میں جمع کرے گا ‘ ۔ «کَأَنَّہُمْ یَوْمَ یَرَوْنَہَا لَمْ یَلْبَثُوا إِلَّا عَشِیَّۃً أَوْ ضُحَاہَا» ۱؎ (79-النازعات:46) ’ اس وقت انہیں ایسا معلوم ہو گا کہ گویا گھڑی بھر دن ہم رہے تھے ۔ صبح یا شام ہی تک ہمارا رہنا ہوا تھا ‘ ۔ «یَوْمَ یُنفَخُ فِی الصٰورِ وَنَحْشُرُ الْمُجْرِمِینَ یَوْمَئِذٍ زُرْقًا یَتَخَافَتُونَ بَیْنَہُمْ إِن لَّبِثْتُمْ إِلَّا عَشْرًا نَّحْنُ أَعْلَمُ بِمَا یَقُولُونَ إِذْ یَقُولُ أَمْثَلُہُمْ طَرِیقَۃً إِن لَّبِثْتُمْ إِلَّا یَوْمًا» ۱؎ (20-طہ:102-104) ’ کہیں گے کہ دس روز دنیا میں گزارے ہوں گے ، تو بڑے بڑے حافظے والے کہیں گے کہاں کے دس دن تم تو ایک ہی دن رہے ‘ ۔ «وَیَوْمَ تَقُومُ السَّاعَۃُ یُقْسِمُ الْمُجْرِمُونَ مَا لَبِثُوا غَیْرَ سَاعَۃٍ کَذٰلِکَ کَانُوا یُؤْفَکُونَ وَقَالَ الَّذِینَ أُوتُوا الْعِلْمَ وَالْإِیمَانَ لَقَدْ لَبِثْتُمْ فِی کِتَابِ اللہِ إِلَیٰ یَوْمِ الْبَعْثِ فَہٰذَا یَوْمُ الْبَعْثِ وَلٰکِنَّکُمْ کُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ» ۱؎ (30-الروم:55-56) ’ قیامت کے دن یہ قسمیں کھا کھا کر کہیں گے کہ ایک ساعت ہی رہے ‘ وغیرہ ۔ ایسی آیتیں قرآن کریم میں بہت سی ہیں ۔ مقصود یہ ہے کہ دنیا کی زندگی آج بہت تھوڑی معلوم ہوگی ۔ سوال ہوگا کہ «قَالَ کَمْ لَبِثْتُمْ فِی الْأَرْضِ عَدَدَ سِنِینَ قَالُوا لَبِثْنَا یَوْمًا أَوْ بَعْضَ یَوْمٍ فَاسْأَلِ الْعَادِّینَ» ۱؎ (23-المؤمنون:112-114) کتنے سال دنیا میں گزارے ، جواب دیں گے کہ ایک دن بلکہ اسے بھی کم شمار والوں سے پوچھ لو ۔ جواب ملے گا کہ واقعہ میں دار دنیادار آخرت کے مقابلے میں بہت ہی کم ہے اور فی الحقیقت وہاں کی زندگی بہت ہی تھوڑی تھی لیکن تم نے اس کا خیال زندگی بھر نہ کیا ۔ اس وقت بھی ہر ایک دوسرے کو پہچانتا ہو گا جیسے دنیا میں تھے ویسے ہی وہاں بھی ہوں گے رشتے کنبے کو ، باپ بیٹوں الگ الگ پہنچان لیں گے ۔ لیکن ہر ایک نفسا نفسی میں مشغول ہوگا ۔ جیسے فرمان الٰہی ہے کہ «فَإِذَا نُفِخَ فِی الصٰورِ فَلَا أَنسَابَ بَیْنَہُمْ یَوْمَئِذٍ وَلَا یَتَسَاءَلُونَ» ۱؎ (23-المؤمنون:101) ’ صور کے پھونکتے ہی حسب و نسب فنا ہو جائیں گے ، کوئی دوست اپنے کسی دوست سے کچھ سوال تک نہ کرے گا ‘ ۔ «وَیْلٌ یَوْمَئِذٍ لِّلْمُکَذِّبِینَ» ۱؎ (77-المرسلات:15) ’ جو اس دن کو جھٹلاتے رہے وہ آج گھاٹے میں رہیں گے ان کے لیے ہلاکت ہو گی انہوں نے اپنا ہی برا کیا اور اپنے والوں کو بھی برباد کیا ‘ ۔ اس سے بڑھ کر خسارہ اور کیا ہوگا کہ ایک دوسرے سے دور ہے دوستوں کے درمیان تفریق ہے ، حسرت و ندامت کا دن ہے ۔