يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَلَا تَوَلَّوْا عَنْهُ وَأَنتُمْ تَسْمَعُونَ
مسلمانو ! اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، اس سے روگردانی نہ کرو اور تم (صدائے حق) سن رہے ہو۔
اللہ کی نگاہ میں بدترین مخلوق اللہ تعالیٰ اپنے ایماندار بندوں کو اپنی اور اپنے رسول کی فرمانبرداری کا حکم دیتا ہے اور مخالفت سے اور کافروں جیسا ہونے سے منع فرماتا ہے ۔ ارشاد ہوتا ہے کہ «لَا تَوَلَّوْا عَنْہُ» ’ اطاعت کو نہ چھوڑو ، تابع داری سے منہ نہ موڑو ۔ جن کاموں سے اللہ اور اس کا رسول روک دے رک جایا کرو ۔ ‘ «وَأَنتُمْ تَسْمَعُونَ » ’ سن کر ان سنی نہ کر دیا کرو ، مشرکوں کی طرح نہ بن جاؤ کہ سنا نہیں اور کہدیا کہ سن لیا ، نہ منافقوں کی طرح بنو کہ بظاہر ماننے والا ظاہر کر دیا اور درحقیقت یہ بات نہیں ۔‘ بدترین مخلوق جانوروں ، کیڑے مکوڑوں سے بھی برے اللہ کے نزدیک ایسے ہی لوگ ہیں جو حق باتوں سے اپنے کان بہرے کر لیں اور حق کے سمجھنے سے گونگے بن جائیں ، بےعقلی سے کام لیں ۔ اس لیے کہ تمام جانور بھی اللہ قادر کل کے زیر فرمان ہیں جو جس کام کیلئے بنایا گیا ہے اس میں مشغول ہے مگر یہ ہیں کہ پیدا کئے گئے عبادت کے لیے لیکن کفر کرتے ہیں ۔ چنانچہ اور آیت میں انہیں جانوروں سے تشبیہ دی گئی ۔ فرمان ہے آیت «وَمَثَلُ الَّذِینَ کَفَرُوا کَمَثَلِ الَّذِی یَنْعِقُ بِمَا لَا یَسْمَعُ إِلَّا دُعَاءً وَنِدَاءً صُمٌّ بُکْمٌ عُمْیٌ فَہُمْ لَا یَعْقِلُونَ» ۱؎ ( 2-البقرۃ : 171 ) ، یعنی ’ کافروں کی مثال ایسی ہی ہے جیسے کوئی انہیں آواز دے تو سوائے پکارا اور ندا کے کچھ نہ سنیں ۔ ‘ اور آیت میں ہے کہ«أُولٰئِکَ کَالْأَنْعَامِ بَلْ ہُمْ أَضَلٰ ۚ أُولٰئِکَ ہُمُ الْغَافِلُونَ» ۱؎ ( 7-الأعراف : 179 ) ، یعنی ’ یہ لوگ مثل چوپایوں کے ہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ بہکے ہوئے اور غافل ۔‘ ایک قول یہ بھی ہے کہ مراد اس سے بنا عبدالدار کے قریشی ہیں ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:4646) محمد بن اسحاق رحمہ اللہ کہتے ہیں مراد اس سے منافق ہیں ۔ بات یہ ہے کہ مشرک منافق دونوں ہی مراد ہیں دونوں ہی مراد ہیں دونوں میں صحیح فہم اور سلامتی والی عقل نہیں ہوتی نہ ہی عمل صالح کی انہیں توفیق ہوتی ہے ۔ اگر ان میں بھلائی ہوتی تو اللہ انہیں سنا دیتا لیکن نہ ان میں بھلائی نہ توفیق الہٰ ۔ اللہ جل شانہُ کو علم ہے کہ انہیں سنایا بھی سمجھایا بھی تو بھی یہ اپنی سرکشی سے باز نہیں آئیں گے بلکہ اور اکڑ کر بھاگ جائیں گے ۔