سورة الاعراف - آیت 178

مَن يَهْدِ اللَّهُ فَهُوَ الْمُهْتَدِي ۖ وَمَن يُضْلِلْ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الْخَاسِرُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جس پر اللہ (کامیابی کی) راہ کھول دے تو وہی راہ پر ہے اور جس پر (کامیابی کی) راہ گم کردے تو ایسے ہی لوگ ہیں جو گھاٹے ٹوٹے میں پڑے۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

بہترین دعا رب جنہیں راہ دکھائے ، انہیں کوئی بےراہ نہیں کر سکتا اور جسے وہی غلط راہ پر ڈال دے ، اس کی شومی قسمت میں کیا شک ہے ؟ اللہ کا چاہا ہوتا ہے ، اس کا نہ چاہا کبھی نہیں ہو سکتا ۔ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے کہ { سب تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں ۔ ہم اس کی حمد و ثنا بیان کرتے ہیں اور اسی سے مدد چاہتے ہیں اور اسی سے ہدایت طلب کرتے ہیں اور اسی سے بخشش مانگتے ہیں ۔ ہم اپنے نفس کی شرارتوں سے اللہ کی پناہ لیتے ہیں اور اپنے اعمال کی برائیوں سے بھی ۔ اللہ کے راہ دکھائے ہوئے کو کوئی بہکا نہیں سکتا اور اس کے گمراہ کئے ہوئے کو کوئی راہ راست پر لا نہیں سکتا ۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ معبود صرف اللہ ہی ہے ۔ وہ اکیلا ہے ، اس کا کوئی شریک نہیں اور میری گواہی ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں الخ ۔ } ۱؎ (سنن ابوداود:2118 ، قال الشیخ الألبانی:صحیح) [ مسند احمد وغیرہ ]