سورة الاعراف - آیت 93
فَتَوَلَّىٰ عَنْهُمْ وَقَالَ يَا قَوْمِ لَقَدْ أَبْلَغْتُكُمْ رِسَالَاتِ رَبِّي وَنَصَحْتُ لَكُمْ ۖ فَكَيْفَ آسَىٰ عَلَىٰ قَوْمٍ كَافِرِينَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
بہرحال شعیب ان سے کنارہ کش ہوگیا، اس نے کہا بھائیو ! میں نے پروردگار کے پیغامات تمہیں پہنچا دیے تھے اور تمہاری بہتری چاہی تھی (مگر جب تم نے جان بوجھ کر ہلاکت کی راہ پسند کی) تو میں نہ مانے والوں (کی تباہی) پر اب کیسے افسوس کروں۔
ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب
. قوم پر اللہ تعالیٰ کا عذاب آ چکنے کے بعد شعیب علیہ السلام وہاں سے چلے اور بطور ڈانٹ ڈپٹ کے فرمایا کہ میں سبکدوش ہو چکا ہوں ۔ اللہ کا پیغام سنا چکا ، سمجھا بجھا چکا ، غم خواری ، ہمدردی کر چکا ۔ لیکن تم کافر کے کافر ہی رہے ۔ اب مجھے کیا پڑی کہ تمہارے افسوس میں اپنی جان ہلکان کروں ؟