سورة الانعام - آیت 8

وَقَالُوا لَوْلَا أُنزِلَ عَلَيْهِ مَلَكٌ ۖ وَلَوْ أَنزَلْنَا مَلَكًا لَّقُضِيَ الْأَمْرُ ثُمَّ لَا يُنظَرُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور لوگ یہ کہتے ہیں کہ : اس (پیغمبر) پر کوئی فرشتہ کیوں نہیں اتارا گیا؟ حالانکہ اگر ہم کوئی فرشتہ اتار دیتے تو سارا کام ہی تمام ہوجاتا (٣) پھر ان کو کوئی مہلت نہ دی جاتی

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 6 نبوت کے منکرین کایہ تیسرا شبہ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ کو مخلوق کی طرف کوئی رسول ہی بھیجنا تھا تو وہ انسان کی بجائے فرشتہ ہونا چاہیے تھا یا فرشتہ آپ کے ساتھ ساتھ پھرتا اور کہتا کہ یه اللہ کا پیغمبر ہے اس پر ایمان لے آؤ ورنہ تمہیں سزا دی جائے گی، (ابن کثیر، کبیر) ف 7 یہ پہلا جواب ہے (رازی) کیونکہ سنت الہٰیہ یہ ہے کہ جب کوئی قوم اپنے نبی سے معجزہ طلب کرے اور وہ اسے دکھا دیا جائے لیکن اس کے باوجود بھی وہ ایمان نہ لائے تو اسے ہلاک کردیا جاتا ہے۔ (قرطبی)