سورة المآئدہ - آیت 90

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اے ایمان والو ! شراب، جوا، بتوں کے تھان اور جوے کے تیرے (٦٢) یہ سب ناپاک شیطانی کام ہیں، لہذا ان سے بچو، تاکہ تمہیں فلاح حاصل ہو۔

تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح

ف 3 یعنی اس رجس سے بچو شراب کے سلسلے میں یہ تیسرا اور آخری حکم ہے جس کے بعد وہ قطعی حرام قرار دے گئی اس سے قبل دو حکم آچکے تھے پہلا سورت بقرہ آیت 219 میں اور دوسرا سورۃ نسا آیت 43 میں مگر ان دونوں آیتوں میں شراب کی قطعی حرمت کا ذکر نہ تھا اس لیے حضر عمر (رض) نے بقرہ اور نسا کی آیات نازل ہونے کے بعد کہا اللھم بین لنافی الخمر اے اللہ شراب کے متعلق مزید وضاحت یعنی حرمت کی ضرورت ہے حتی کہ سورت مائدہ کی یہ آیات نازل ہوئیں۔