سورة النسآء - آیت 157

وَقَوْلِهِمْ إِنَّا قَتَلْنَا الْمَسِيحَ عِيسَى ابْنَ مَرْيَمَ رَسُولَ اللَّهِ وَمَا قَتَلُوهُ وَمَا صَلَبُوهُ وَلَٰكِن شُبِّهَ لَهُمْ ۚ وَإِنَّ الَّذِينَ اخْتَلَفُوا فِيهِ لَفِي شَكٍّ مِّنْهُ ۚ مَا لَهُم بِهِ مِنْ عِلْمٍ إِلَّا اتِّبَاعَ الظَّنِّ ۚ وَمَا قَتَلُوهُ يَقِينًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور (نیز) ان کا یہ کہنا کہ ہم نے مریم کے بیٹے عیسیٰ کو جو خدا کے رسول (ہونے کا دعوی کرتے) تھے (سولی پر چرھا کر) قتل کرڈالا، حالانکہ (واقعہ یہ ہے کہ) نہ تو انہوں نے قتل کیا، اور نہ سولی پر چرھا کر ہلاک کیا، بلکہ حقیقت حال ان پر مشتبہ ہوگئی (یعنی صورت حال ایسی ہوگئی کہ انہوں نے سمجھا ہم نے مسیح کو مصلوب کردیا حالانکہ نہیں کرسکے تھے) اور جن لوگوں نے اس بارے میں اختلاف کیا (یعنی عیسائیوں نے جو کہتے ہیں مسیح مصلوب ہوئے لیکن اس کے بعد زندہ ہوگئے) تو بلاشبہ وہ بھی شک و شبہ میں پڑے ہوئے ہیں ظن و گمان کے سوا کوئی علم ان کے ان کے پاس نہیں، اور یقیناً یہودیوں نے عیسیٰ کو قتل نہیں کیا

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 8 یا یہودی انہیں محض طنزا’’ر سول اللہ‘‘کہا کرتے تھے اور پھر بزم خود قتل کرنے پر اس طرح کا فخر۔ یہ ان کا انتہائی سنگین جرم تھا۔( رازی۔ قرطبی) اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ عیسیٰ ( علیہ السلام) کے قتل کا دعویٰ کرتے ہوں اور اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسی ٰ ( علیہ السلام) کی رفعت شان کے پیش نظر یہ القاب ذکر فرمادیئے ہوں (رازی) ف 9 یعنی اللہ تعالیٰ نے ان کی ایک صورت بنا دی اس صورت کو سولی چڑھا یا۔ (مو ضح) حضرت ابن عباس فرماتے ہیں کہ جب یہودی حضرت مسیح ( علیہ السلام) کو پکڑ نے کے لیے گئے تو آپ ( علیہ السلام) نے اپنے حواریوں سے فرمایا تم میں سے کون شخص اس بات پر راضی ہے کہ اسے میرا شبیہ بنا دیا جائے۔ ایک حواری اس پر راضی ہوگیا چنانچہ حضرت مسیح ( علیہ السلام) کو اللہ تعالیٰ نے آسمان کی طرف اٹھالیا اور اس نو جوان کو حضرت مسیح ( علیہ السلام) کی شکل و صورت میں تبدیل کردیا گیا ۔یہودی آئے اور اسے سولی دیدی (ابن کثیر، ابن جریر بسند صحیح) ف10 ان اختلاف کرنے والوں میں یہود اور نصاریٰ دونوں شامل ہیں۔ یہود میں سے بعض تو کہتے ہیں کہ ہم نے واقعی مسیح ( علیہ السلام) کو سولی دی اور بعض مترد دہیں اور نصاریٰٰ میں سے بعض تو کہتے ہیں کہ حضرت مسیح ( علیہ السلام) کے’’ ناسوت‘‘ یعنی جسم کو سولی دی گئی اور’’ لاہوت‘‘ (خداوندی) کو اوپر اٹھالیا گیا اور بعض دونوں کی سولی کے قائل ہیں و غیرہ قرآن نے ان سب کی تکذیب کی۔ (وحیدی)