يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ إِذَا طَلَّقْتُمُ النِّسَاءَ فَطَلِّقُوهُنَّ لِعِدَّتِهِنَّ وَأَحْصُوا الْعِدَّةَ ۖ وَاتَّقُوا اللَّهَ رَبَّكُمْ ۖ لَا تُخْرِجُوهُنَّ مِن بُيُوتِهِنَّ وَلَا يَخْرُجْنَ إِلَّا أَن يَأْتِينَ بِفَاحِشَةٍ مُّبَيِّنَةٍ ۚ وَتِلْكَ حُدُودُ اللَّهِ ۚ وَمَن يَتَعَدَّ حُدُودَ اللَّهِ فَقَدْ ظَلَمَ نَفْسَهُ ۚ لَا تَدْرِي لَعَلَّ اللَّهَ يُحْدِثُ بَعْدَ ذَٰلِكَ أَمْرًا
اے نبی ! جب تم اپنی بیویوں کو طلاق دینے کا ارادہ کرتو ان کی عدت کا خیال کرتے ہوئے طلاق دو اور (طلاق کے بعد ان کی) عدت شمار کرتے رہو (١، ٢) اور اللہ سے ڈرو جو تمہارا رب ہے تم مطلقہ عورتوں کو ان کے گھروں سے نہ نکالو اور نہ وہ خود نکلیں الا یہ کہ وہکسی کھلی بے حیائی کا ارتکاب کریں، یہ (احکام) اللہ کے (مقرر کردہ) حدود ہیں اور جو بھی اللہ تعالیٰ کے حدود سے تجاوز کرے گا وہ اپنے آپ پر ظلم کرے گا تم نہیں جانتے شاید اللہ تعالیٰ اس (طلاق دینے) کے بعد کوئی نئی صورت پیدا کردے
ف 1 یعنی طہر کی حالت میں جس میں صحبت نہ کی ہو۔ یہ تشریح خود آنحضرت)ﷺ( نے فرمائی ہے۔ حضرت عبد اللہ بن عمر(رض) نے اپنی بیوی کو حیض کی حالت میں طلاق دے دی۔ آنحضرت)ﷺ( سخت خفا ہوئے اور رجوع کا حکم دیا اور فرمایا کہ اگر طلاق دینا چاہتے ہو تو اس طہر کے بعد اگلے طہر میں دے سکتے ہو یہی وہ عدت ہے جس کے شروع میں اللہ تعالیٰ نے طلاق دینے کا حکم دیا ہے۔ اس کے بعد آپ)ﷺ( نے یہ آیت تلاوت فرمائی (شوکانی) احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ حیض کے دنوں میں عورت کو طلاق تو ممنوع ہے ہاں اگر طلاق دے دی جائے تو نافذ ہوجائے گی۔ حضرت عبداللہ بن عمر (رض) سے تمام راویوں نے بالاتفاق یہی روایت کیا ہے۔ (دار قطنی 427) ف 2 یعنی وہ وقت یاد رکھو جب طلاق دی گی تاکہ عدت کا ٹھیک ٹھیک حساب لگایا جا سکے۔ سورۃ بقرہ (آیت 288)؛ یہ عدت تین حیض ہے۔ ف3 یعنی ان کے شوہروں کے گھروں سے جن میں انہیں طلاق دی گئی ہے۔ ف 4 تو انہیں بطور سزا گھروں سے نکالا جاسکتا ہے۔ کھلی بدکاری سے مراد زنا ہے اور بعض مفسرین کے بقول بدکاری اور بد زبانی بھی ۔حضرت ابن عمر (رض) فرماتےہیں کہ عورت کا عدت پوری ہونے سے پہلے بلا ضرورت نکلنا (بجائے خود) کھلی بدکاری ہے۔ (شوکانی) ف 5 یعنی شاید آدمی کے دل میں عورت کی محبت آجائے اور وہ اپنے کئے پر پشیمان ہو کر رجوع کرے۔ اس لئے عورت کو اس کے گھر میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس آیت سے معلوم ہوا کہ یہ حکم ہر اس عورت کے لئے ہے جس کو طلاق رجعی دی گئی ہو کیونکہ یہاں ” أَمْرًا “ سے مراد رجوع ہے اور تین طلاق کے بعد رجوع کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ امام احمد بن جنبل اور سلف کی ایک جماعت کی یہی رائے ہے اور بعض احادیث ہیں اس کی تصریح بھی مذکور ہے۔ مگر یہ ہوسکتا ہے کہ یہ حکم عام ہو اور رجعیہ اور مبتوتہ دونوں کو شامل ہو۔ علامہ قرطبی لکھتے ہیں وَالرَّجعيَّةُوَ المَبتوتَةُ فِي ذَلِكَ سواء ھذا الحق حفظ ماءالرجل (شوکانی)