سورة الجمعة - آیت 3
وَآخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ ۚ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور اس رسول کی بعثت دوسرے لوگوں کے لیے بھی ہے جو ابھی ان میں شامل نہیں ہوئے اور وہ اللہ بڑا زبردست بڑی حکمت والا ہے
تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح
ف 6 واخرین الخ اس کا عطف فی الامیین پر ہے یعنی یہی رسول دوسرے ان پڑھوں کے واسطے بھی ہے۔ (موضح) ان سے مراد دنیا بھر کے وہ تمام لوگ ہو سکتے ہیں جو قیامت تک پیدا ہوں گے۔ صحیح بخاری میں حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے آنحضتر سے دریافت کیا کہ ” ان ابھی نہ ملنے والے لوگوں سے مراد کون لوگ ہیں؟“ آپ نے حضرت سلمان فاسری کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر فرمایا مجھے اس ذات کی قسم ! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر ایمان ثریا ستارے کے پاس بھی ہو تو وہ اہل فارس میں سے کچھ لوگ اسے ضرور پالیں گے شوکانی