الَّذِينَ اسْتَجَابُوا لِلَّهِ وَالرَّسُولِ مِن بَعْدِ مَا أَصَابَهُمُ الْقَرْحُ ۚ لِلَّذِينَ أَحْسَنُوا مِنْهُمْ وَاتَّقَوْا أَجْرٌ عَظِيمٌ
وہ لوگ جنہوں نے زخم کھانے کے بعد بھی اللہ اور رسول کی پکار کا فرمانبرداری سے جواب دیا، ایسے نیک اور متقی لوگوں کے لیے زبردست اجر ہے۔
ف 1 یہ حمر الا سد یعنی جنگ احد سے اگلے روز کا واقعہ ہے۔ اس کی تفصیل یہ ہے احد سے پلٹ کر جب مشرکین چند منزل دور چلے گئے تو آپس میں کہنے لگے کہ ہم نے یہ کیا حماقت کی کہ مسلمانوں کااستیصال کئے بغیر واپس چلے آئے۔ چنانچہ مدینہ پر دوبارہ حملہ کرنے کا منصوبہ بنانے لگے۔ ادھرآنحضرت (ﷺ) کوجب یہ اطلاع ملی تو آپ (ﷺ) نے ان تمام مسلمانوں کو جو جنگ احد میں شریک ہوئے تھے مشرکین کے تعاقب میں نکلنے کا حکم دیا تاکہ وہ واقعی پلٹ کر مدینہ پر حملہ نہ کردیں۔ اس وقت اگرچہ جنگ احد میں سے اکثر لوگ سخت زخمی اور تھکے ہوئے تھے لیکن اللہ اور اس کے رسول (ﷺ) کے حکم کی تعمیل میں فورا نکل کھڑے ہوئے۔ جب مدینہ سے چند میل كے فاصلہ پر مقام حمرٔالا سد ( جو مدینہ سے تقریبا آٹھ میل کے فاصلہ پر ہے) پر پہنچے تو مشرکین کو ان کے آنے کی اطلاع مل گئی اور انہوں نے آپس میں کہا کہ اس مرتبہ تو واپس چلتے ہیں اگلے سال پھر آئیں گے۔ اس صورت حال کے پیش نظر نبی (ﷺ) بھی مدینہ واپس تشریف لے آئے۔ چنانچہ آیت میں اسی واقعہ کی طرف اشارہ ہے اور مسلمانوںکو بشارت دی (ابن کثیر) یہاں مِنۡهُمۡمیں لفظ من محض تبیین کے لیے ہے کیونکہ جن لوگوں نے اس مہم میں اللہ و رسول (ﷺ) کی دعوت پر کہی وہ سب ایسے ہی تھے۔ (الکشاف )