سورة فاطر - آیت 37

وَهُمْ يَصْطَرِخُونَ فِيهَا رَبَّنَا أَخْرِجْنَا نَعْمَلْ صَالِحًا غَيْرَ الَّذِي كُنَّا نَعْمَلُ ۚ أَوَلَمْ نُعَمِّرْكُم مَّا يَتَذَكَّرُ فِيهِ مَن تَذَكَّرَ وَجَاءَكُمُ النَّذِيرُ ۖ فَذُوقُوا فَمَا لِلظَّالِمِينَ مِن نَّصِيرٍ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور منکرین آخرت دوزخ میں چلاتے رہیں گے، خدایا ہم کو جہنم سے نکال کہ صالح اعمال بجالائیں وہ نہیں جنہیں پہلے (صالح کام سمجھ کر) کرتے تھے (بلکہ وہ جو فی الحقیقت صالح ہیں) (جواب ملے گا) کیا ہم نے تمہیں دنیا میں اتنی عمر نہیں دی تھی کہ اگر کسی کو سوچنا منظور ہوتا تو وہ اس میں سوچ لیتا اور علاوہ ازیں تمہارے پاس ڈرانے والے بھی آئے سواب تمہاری سزا یہی ہے کہ اپنے کیے کا بدلہ چکھتے رہو اب ظالموں کا کوئی مددگار نہیں ہوگا (١٠)۔

تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح

ف ٣” اتنی عمر“ سے مراد ساٹھ برس کی عمر ہے۔ یہی قول حضرت ابن عباس (رض) اور اکثر صحابہ (رض) سے منقول ہے۔ صحیح بخاری کتاب الرقاق میں حضرت ابو ہریرہ (رض) سے ایک مرفوع حدیث میں ہے ( اعذر اللہ الی امری اخرعمرہ حتی بلغ ستین سنۃ) کہ اللہ تعالیٰ نے اس شخص کا عذرختم کردیا جسے اس نے ساٹھ برس کی عمر دے دی، پس یہی قول اصح ہے اور جن روایات و اقوال میں چھیالیس، ستر اور چالیس برس کی تحدید مذکور ہے وہ صحیح نہیں ہے۔ ( ملخص از ابن کثیر وغیرہ)۔