سورة الأنبياء - آیت 48

وَلَقَدْ آتَيْنَا مُوسَىٰ وَهَارُونَ الْفُرْقَانَ وَضِيَاءً وَذِكْرًا لِّلْمُتَّقِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور (دیکھو) یہ واقعہ ہے کہ ہم نے موسیٰ اور ہارون کو فرقان (یعنی حق کو باطل سے الگ کردینے والی قوت) اور (وحی الہی کی) روشنی اور متقیوں کے لیے نصیحت دی تھی۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 12۔ اوپر بیان ہوا ہے کہ پچھلے تمام انبیا بشر ہی تھے۔ (آیت 7) اور اللہ تعالیٰ نے اپنی تائید و نصرت کا جو وعدہ فرمایا اسے پورا کیا۔ (آیت 9) اور پچھلے انبیاء کا مشن بھی یہی توحید کی طرف دعوت تھا۔ (آیت 25) اب یہاں سے اسی اجمال کی تفصیل کے پیش نظر بہت سے انبیاء کے واقعات بیان کئے جارہے ہیں۔ (کبیر، شوکانی) ف 13۔ جیسے دوسری آیت میں فرمایا İفِيهِ هُدٗى وَنُورĬ (مائدہ : 46) جہالت اور گمراہی کی تاریکی کو دور کرنے کے اعتبار سے اسے ضیا (روشنی) فرمایا ہے اور ” الفرقان“ سے بعض نے معجزات اور بعض نے دشمنوں پر غلبہ بھی مراد لیا ہے۔ (قرطبی)