وَلَئِنْ أَتَيْتَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ بِكُلِّ آيَةٍ مَّا تَبِعُوا قِبْلَتَكَ ۚ وَمَا أَنتَ بِتَابِعٍ قِبْلَتَهُمْ ۚ وَمَا بَعْضُهُم بِتَابِعٍ قِبْلَةَ بَعْضٍ ۚ وَلَئِنِ اتَّبَعْتَ أَهْوَاءَهُم مِّن بَعْدِ مَا جَاءَكَ مِنَ الْعِلْمِ ۙ إِنَّكَ إِذًا لَّمِنَ الظَّالِمِينَ
اگر تم اہل کتاب کے سامنے دنیا جہان کی ساری دلیلیں بھی پیش کردو جب بھی وہ تمہارے قبلہ کی پیروی کرنے والے نہیں۔ نہ یہ ہوسکتا ہے کہ (علم و بصیرت سے بے بہرہ ہوکر) تم ان کے قبلہ کی پیروی کرنے لگو اور نہ خود وہی کسی ایک قبلہ پر متفق ہیں۔ ان میں سے ایک گروہ دوسرے گروہ کا قبلہ ماننے والا نہیں۔ اور یاد رکھو اگر تم نے ان لوگوں کی خواہشوں کی پیروی کی باوجودیکہ تمہیں اس بارے میں علم حاصل ہوچکا ہے تو یقینا نافرمانی کرنے والوں میں سے ہوجاؤگے
ف 1: یعنی وہ کعبہ کے قبلہ ہونے کو خوب جانتے ہیں مگر ان کا عناد اس قدر بڑھا ہوا ہے کہ آپ (ﷺ) کے قبلہ کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ف 2 : اور آپ بھی حکم وحی کے پابند ہونے کی وجہ سے ان کے قبلہ کو اختیار نہیں کرسکتے۔ (شوکانی) ف 3: اور ان کے باہمی عناد کا یہ حال ہے کہ وہ ایک دوسرے کے قبلہ کو پسند نہیں کرتے۔ یہود صخرہ کی طرف رخ کرتے ہیں اور نصاری بیت المقدس کی مشرقی جانب کی طرف۔ (قرطبی) ف 4 : اس کے مخاطب تو آنحضرت (ﷺ) ہیں مگر مراد امت ہے اگر ایک شخص علم دین ہو کر اہل بد عت وہویٰ کی پیروی کرتا ہے تو اس پر بھی عتاب ہے ( ابن کثیر۔ قرطبی) پھر کیا حال ہوگا ان علماء کا جو اہل بدعت کی مخالفت کی بجائے ان کی محفلوں (عیدمیلاد النبی، تعزیہ وغیرہ کے جلوس) میں شریک ہوتے ہیں۔ (المنار)