سورة یونس - آیت 65
وَلَا يَحْزُنكَ قَوْلُهُمْ ۘ إِنَّ الْعِزَّةَ لِلَّهِ جَمِيعًا ۚ هُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
(اور اے پیغمبر) منکروں کی (معاندانہ) باتوں سے تم آزردہ نہ ہو، ساری عزتیں اللہ ہی کے لیے ہیں (وہ جسے چاہے عزت دے، جسے چاہے ذلت دے) وہ سننے والا جاننے والا ہے۔
تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح
ف 10۔ عزت یعنی غلبہ، اقتدار اور فتحمندی۔ مطلب یہ ہے کہ جب غلبہ و اقتدار اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ وہی جسے چاہے غالب اور جسے چاہے مغلوب کرتا ہے۔ تو ان کافروں کی دھمکیوں، ان کے کفر و شرک اور طعن و تشنیع سے آپﷺ کو رنجیدہ خاطر ہونے کی ضرورت نہیں۔ آپ ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔ آخر کار غلبہ اور اقتدار آپﷺ کو اور آپ کے پیش کردہ دین کو ہی حاصل ہوگا۔ نیز دیکھئے سورۃ مجادلہ آیات 21 سورۃ منافقون آیت 8۔ (کبیر، شوکانی)۔ ف 11۔ وہ عنقریب آپﷺ کے مخالفین سے سمجھ لے گا۔ (کبیر)۔