سورة التوبہ - آیت 129

فَإِن تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِيَ اللَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(اے پیغمبر) اگر اس پر بھی یہ لوگ سرتابی کریں تو ان سے کہہ دو میرے لیے اللہ کا سہارا بس کرتا ہے۔ کوئی معبود نہیں ہے، مگر صرف اسی کی ذات، میں نے اس پر بھروسہ کیا، وہ (تمام عالم ہستی کی جہانداری کے) عرش عظیم (١) کا خداوندی ہے۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 8۔ یعنی اس سہولت اور حرص کے باوجود جو شریعت آپﷺ لے کر آئے ہیں اس کے ماننے سے انکار کردیں۔ ف 9۔ حضرت ابو الدردا فرماتے ہیں کہ جو شخص صبح اور شام سات مرتبہ یہ وظیفہ (‌حَسْبِيَ ‌اللهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ ‌رَبُّ ‌الْعَرْشِ الْعَظِيمِ) پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی تمام فکروں کیلئے کافی ہوجاتا ہے۔ (ابن کثیر)۔