سورة التوبہ - آیت 25

لَقَدْ نَصَرَكُمُ اللَّهُ فِي مَوَاطِنَ كَثِيرَةٍ ۙ وَيَوْمَ حُنَيْنٍ ۙ إِذْ أَعْجَبَتْكُمْ كَثْرَتُكُمْ فَلَمْ تُغْنِ عَنكُمْ شَيْئًا وَضَاقَتْ عَلَيْكُمُ الْأَرْضُ بِمَا رَحُبَتْ ثُمَّ وَلَّيْتُم مُّدْبِرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(مسلمانو) یہ واقعہ ہے کہ اللہ بہت سے موقعوں پر تمہاری مدد کرچکا ہے (جبکہ تمہیں اپنی قلت و کمزوری سے کامیابی کی امید نہ تھی) اور جنگ حنین کے موقع پر بھی جبکہ تم اپنی کثرت پر اترا گئے تھے (اور سمجھے تھے کہ محض اپنی کثرت سے میدان مار لوگے) تو دیکھو وہ کثرت تمہارے کچھ کام نہ آئی اور زمین اپنی ساری وسعت پر بھی تمہارے لیے تنگ ہوگئی، بالآخر ایسا ہوا کہ تم میدان کو پیٹھ دکھا کر بھاگنے لگے۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 3 حنین، مکہ معظمہ اور طائف کے درمیان ایک وادی ہے۔ وہاں فتح مکہ (رمضان 8 ھ) کے ایک ماہ بعد شوال 8 ھ میں مسلمانوں کی ہوازن، ثقیف، بنو جشم، بنو سعد اور بعض دوسرے قبائل سے جنگ ہوئی تھی ) ( ابن کثیر وغیرہ) ف 4 نبی (ﷺ) کے ساتھ دس ہزار مہاجرین (رض) اور انصار (رض) کا لشکر تھا جو فتح مکہ کے لیے آپ (ﷺ) کے ساتھ مدینہ سے آئے تھے اور دوہزار آدمی آپ (ﷺ) کے ساتھ اہل مکہ ( طلقا) میں سے شامل ہوگئے تھے۔ اس طرح مسلمانوں کا کل لشکر بارہ ہزار لڑنے والوں پر مشتمل تھا جب کہ مقابلے میں دشمنوں کی تعداد صرف چار ہزار کے قریب تھی اس پر بہت سے مسلمانوں میں غرور کا جذبہ پیدا ہوگیا۔ حتی ٰ کہ بعض نے کہا آج ہم قلت تعداد کی وجہ سے مغلوب نہیں ہوں گے۔ یہ کلمہ اللہ تعالیٰ کو پسند نہ آیا۔ ( ابن کثیر۔ کبیر) ف 5 ہوا یہ کہ ہوازن کے بہت سے لوگ کمین گوہوں میں چھپ گئے۔ جب دونوں فوجوں کا آمنا سامنا ہو اتو انہوں مسلمانوں پر پیچھے سے حملہ کردیا۔ یہ دیکھ کر مسلمان حواس باختہ ہوگئے اور ان میں سے اکثر بھاگ کھڑ ہوئے صرف 100 سو کے قریب مسلمان نبی (ﷺ) کے ساتھ رہ گئے۔ آپ (ﷺ) کے چچا عباس (رض) آپ کے خچر کی لگام اور آپ (ﷺ) کے چچا زاد بھائی ابو سفیان (رض) بن حارث آپ (ﷺ) کی رکاب تھامے رہے آپ (ﷺ) بلند آواز سے فرما رہے تھے(‌إِلَيَّ ‌عِبَادَ ‌اللهِ ‌إِلَيَّ انا ‌رَسُول ‌اللَّهِ)۔ اللہ کے بندو ! میری طرف آؤمیں اللہ کا رسول (ﷺ) ہوں اور کبھی فرماتے (أنا النبي ‌لاكذب … أنا ابنُ عبد المطلَّب) ( میں اللہ کا سچا نبی ہوں میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں) تب بھاگنے والے مسلمان پلٹنا شروع ہوئے۔ (ابن کثیر )