سورة الاعراف - آیت 13
قَالَ فَاهْبِطْ مِنْهَا فَمَا يَكُونُ لَكَ أَن تَتَكَبَّرَ فِيهَا فَاخْرُجْ إِنَّكَ مِنَ الصَّاغِرِينَ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
فرمایا یہاں سے نیچے اتر ، تجھے لائق نہیں ، کہ تو یہاں تکبر کرے ، نکل تو ذلیلوں میں ہے ۔
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
فَمَا يَكُوْنُ لَكَ اَنْ تَتَكَبَّرَ فِيْهَا: رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’عزت اس کی ازار (نیچے کی چادر) ہے اور کبرائی (بڑائی) اس کی رداء (اوپر کی چادر) ہے جو ان میں سے ایک بھی مجھ سے چھیننے کی کوشش کرے گا میں اسے آگ میں پھینکوں گا۔‘‘ [ مسلم، البر والصلۃ، باب تحریم الکبر : ۲۶۲۰، عن أبی ھریرۃ ] یعنی تکبر کے بعد جنت میں رہنے کا شرف تیرے پاس رہنا ممکن ہی نہیں۔ یہی حال ہر تکبر اور غرور والے کا ہو گا۔