وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ حُنَفَاءَ وَيُقِيمُوا الصَّلَاةَ وَيُؤْتُوا الزَّكَاةَ ۚ وَذَٰلِكَ دِينُ الْقَيِّمَةِ
اور (حالانکہ) ان کو اس کے سوا کچھ حکم نہیں ملا تھا کہ ابراہیم (علیہ السلام) کے طریقہ کے مطابق اللہ کی عبادت اس طرح کریں کہ خالص اللہ کی عبادت ہو اور نماز پڑھیں اور زکوٰۃ دیں اور یہی مضبوط (لوگوں کا) دین ہے۔
وَ مَا اُمِرُوْا اِلَّا لِيَعْبُدُوا اللّٰهَ ....: ’’ الْقَيِّمَةِ ‘‘ ’’قَامَ يَقُوْمُ‘‘ سے ’’فَيْعِلَةٌ‘‘ کے وزن پر صفت کا صیغہ ہے، جس میں تاء مبالغے کے لیے ہے، نہایت مضبوط، سیدھی جس میں کوئی کجی نہیں : ’’أَيْ ذٰلِكَ دِيْنُ الْمِلَّةِ الْقَيِّمَةِ‘‘ ’’یعنی یہی مضبوط ملت کا دین ہے۔‘‘ ’’ حُنَفَآءَ ‘‘ ’’حَنِيْفٌ‘‘ کی جمع ہے جو ’’حَنَفَ يَحْنِفُ حَنْفًا‘‘ (ض) (حاء کے ساتھ) سے ’’فَعِيْلٌ‘‘ بمعنی اسم فاعل ہے ،اس کا لفظی معنی ’’ایک طرف مائل ہونا‘‘ ہے۔ اس کا اکثر استعمال ’’تمام راستوں سے ہٹ کر سیدھے راستے کی طرف آنے‘‘ کے معنی میں ہوتا ہے، جب کہ ’’جَنَفَ‘‘ (جیم کے ساتھ) کا مطلب ’’سیدھے راستے سے ہٹ کر ادھر ادھر ہو جانا‘‘ ہوتا ہے۔ اس آیت میں دین کا خلاصہ بیان فرما دیا کہ پہلی امتیں ہوں یا یہ امت، سب میں ایک ہی حکم ہے کہ ایک اللہ کی عبادت کریں، جو ہر قسم کے شرک اور ریا سے پاک اور خالص اللہ کے لیے ہو اور باطل پر چلنے والے تمام گروہوں سے ہٹ کر ایک اللہ کی طرف یک سو ہو جائیں، جس طرح ابراہیم علیہ السلام ہو گئے تھے اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ ادا کریں، یہی مضبوط ملت کا دین ہے۔ جب اس امت میں بھی وہی پہلا ہی حکم ہے اور پہلی امتوں کا اور اس امت کا دین قیم ایک ہی ہے، تو انھیں ماننے سے انکار کیوں ہے؟