سورة الطور - آیت 49

وَمِنَ اللَّيْلِ فَسَبِّحْهُ وَإِدْبَارَ النُّجُومِ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور کچھ رات گئے اس کی تسبیح کر اور جب ستارے پیٹھ پھیریں (اس وقت بھی)۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ مِنَ الَّيْلِ فَسَبِّحْهُ: اس سے مراد مغرب اور عشاء ہے۔ وَ اِدْبَارَ النُّجُوْمِ: اس سے مراد فجر کی فرض نماز ہے۔ بعض حضرات نے اس سے مراد فجر کی نماز سے پہلے کی دو رکعتیں لی ہیں، مگر امام طبری فرماتے ہیں کہ یہاں ’’ فَسَبِّحْهُ ‘‘ امر کا صیغہ ہے جو فرض کے لیے ہے، اس لیے اس سے مراد فرض رکعتیں ہیں۔ خلاصہ یہ ہے کہ ان آیات میں پانچوں نمازوں کا حکم ہے، اس طرح کہ ’’ حِيْنَ تَقُوْمُ ‘‘ میں ظہر و عصر کا، ’’ مِنَ الَّيْلِ ‘‘ میں مغرب و عشاء کا اور ’’ اِدْبَارَ النُّجُوْمِ ‘‘ میں فجر کی نماز کا ذکر ہے۔ (واللہ اعلم)