وَفِي خَلْقِكُمْ وَمَا يَبُثُّ مِن دَابَّةٍ آيَاتٌ لِّقَوْمٍ يُوقِنُونَ
اور تمہاری پیدائش میں اور جتنے جانور وہ بکھیرتا ہے ۔ ان میں یقین کرنے والوں کے لئے نشانیاں ہیں۔
1۔ وَ فِيْ خَلْقِكُمْ وَ مَا يَبُثُّ مِنْ دَآبَّةٍ: یعنی جو لوگ انسان کی پیدائش میں اور خشکی اور سمندر میں پھیلائی ہوئی جاندار مخلوقات میں، جن کا شمار نہیں، غور کریں گے انھیں بے شمار ایسی نشانیاں ملیں گی جنھیں دیکھ کر کوئی شبہ باقی نہیں رہے گا کہ یقیناً یہ سب کچھ ایک ہی خالق و مالک کا بنایا ہوا ہے اور وہی اسے چلا رہا ہے اور سب کچھ بے مقصد پیدا نہیں کیا گیا، بلکہ یقیناً ایک دن ہر ایک کو اس کے اعمال کی جزا ملنے والی ہے۔ 2۔ اٰيٰتٌ لِّقَوْمٍ يُّوْقِنُوْنَ: یعنی جو لوگ شک کی بھول بھلیوں میں بھٹکتے رہنے کا یا انکار کا فیصلہ کر چکے ہوں ان کی بات دوسری ہے، مگر جو لوگ بات ثابت ہو جانے پر یقین کرنے والے ہیں ان کے لیے انسان کی پیدائش میں اور زمین میں پھیلی ہوئی بے شمار جاندار مخلوقات میں اللہ تعالیٰ کے وجود، اس کی توحید اور قیامت کی بہت سی نشانیاں ہیں۔