سورة النور - آیت 38
لِيَجْزِيَهُمُ اللَّهُ أَحْسَنَ مَا عَمِلُوا وَيَزِيدَهُم مِّن فَضْلِهِ ۗ وَاللَّهُ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ بِغَيْرِ حِسَابٍ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
کہ اللہ انہیں ان کے بہترین کاموں کا بدلہ دے اور اپنے فضل سے انہیں زیادہ دے ، اور اللہ جسے چاہتا ہے بےحساب رزق دیتا ہے ۔
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
لِيَجْزِيَهُمُ اللّٰهُ اَحْسَنَ مَا عَمِلُوْا: اس کا ترجمہ یہ ہو سکتا ہے : ’’ أَيْ ثَوَابَ أَحْسَنَ مَا عَمِلُوْا ‘‘ کہ اللہ تعالیٰ انھیں ان بہترین اعمال کا ثواب دے جو انھوں نے کیے، اور یہ بھی : ’’ أَيْ أَحْسَنَ جَزَاءٍ مَا عَمِلُوْا ‘‘ کہ اللہ تعالیٰ انھیں ان اعمال کا بہترین بدلا دے جو انھوں نے کیے۔ دوسرا معنی یہاں زیادہ مناسب ہے، کیونکہ آگے فرمایا: ﴿وَ اللّٰهُ يَرْزُقُ مَنْ يَّشَآءُ بِغَيْرِ حِسَابٍ ﴾ ’’اور اللہ جسے چاہتا ہے بے حساب دیتا ہے۔‘‘