سورة طه - آیت 78

فَأَتْبَعَهُمْ فِرْعَوْنُ بِجُنُودِهِ فَغَشِيَهُم مِّنَ الْيَمِّ مَا غَشِيَهُمْ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

پھر فرعون اپنی فوج لے کر ان کے پیچھے ہو لیا ، تو گھیر لیا ان کو پانی نے جیسا گھیر لیا ،

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

فَغَشِيَهُمْ مِّنَ الْيَمِّ مَا غَشِيَهُمْ : یعنی ان کو سمندر سے ایسی عظیم چیز نے ڈھانپ لیا جو انسانی بیان میں نہیں آ سکتی اور اگر اللہ تعالیٰ اسے اس طرح بیان فرمائے جس طرح اسے بیان کرنے کا حق ہے تو انسان کی کوتاہ عقل میں وہ سما نہیں سکتی، اس لیے اس کی تفصیل مت پوچھو۔ مراد ان سب کا سمندر میں غرق ہونا، پانی کی راہ سے آگ کا ایندھن بننا اور مرتے وقت اور بعد میں فرشتوں کی مار بے حساب و بے شمار ہے جو بیان سے باہر ہے۔ دیکھیے سورۂ مومن (۴۵، ۴۶) اس کی مزید مثالیں یہ ہیں: ﴿ اِذْ يَغْشَى السِّدْرَةَ يَغْشٰى ﴾ [ النجم : ۱۶ ] اور: ﴿ وَ الْمُؤْتَفِكَةَ اَهْوٰى (53) فَغَشّٰىهَا مَا غَشّٰى ﴾ [ النجم : ۵۳، ۵۴ ] اور : ﴿فَاَوْحٰى اِلٰى عَبْدِهٖ مَا اَوْحٰى ﴾ [ النجم : ۱۰ ]