سورة ھود - آیت 86

بَقِيَّتُ اللَّهِ خَيْرٌ لَّكُمْ إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ ۚ وَمَا أَنَا عَلَيْكُم بِحَفِيظٍ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اللہ کا دیا جو بچے ‘ وہ تمہارے لئے بہتر ہے اگر مومن ہو ، اور میں تمہارا نگہبان نہیں ۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

بَقِيَّتُ اللّٰهِ خَيْرٌ لَّكُمْ ....: یعنی بے ایمانی سے جمع کردہ مال سے اتنی بچت اور منافع ہر طرح سے بہتر ہے جو اللہ کے حکم کے مطابق حاصل ہو۔ ’’اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِيْنَ ‘‘ (بشرطیکہ تم مومن ہو) کیونکہ کافر کے نیک اعمال بھی قیامت کے دن اس کے کسی کام نہیں آئیں گے۔ دیکھیے سورۂ کہف (۱۰۵)۔ وَ مَاۤ اَنَا عَلَيْكُمْ بِحَفِيْظٍ: یعنی میں تم پر نگران تو نہیں ہوں جو ہر وقت تمھارے ناپ تول کو دیکھتا رہوں اور نہ یہ میرے بس میں ہے۔ ہر ایک کے ایک ایک لمحہ پر نظر تو صرف رب تعالیٰ کی ہے، میرا کام تو تمھیں سمجھا دینا اور اللہ کے عذاب سے ڈرا دینا ہے، ماننا نہ ماننا تمھارا کام ہے۔