سورة یونس - آیت 72

فَإِن تَوَلَّيْتُمْ فَمَا سَأَلْتُكُم مِّنْ أَجْرٍ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَى اللَّهِ ۖ وَأُمِرْتُ أَنْ أَكُونَ مِنَ الْمُسْلِمِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

پھر اگر تم ہٹ جاؤ ، تو میں نے تم سے کچھ مزدوری نہیں مانگی ، میری مزدوری نہیں مانگی ، میری مزدوری اللہ پر ہے ، اور مجھے حکم ہوا ہے کہ میں فرمانبردار رہوں (ف ١) ۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

فَاِنْ تَوَلَّيْتُمْ فَمَا سَاَلْتُكُمْ ....: یعنی اگر تم میری دعوت ٹھکرانے پر اصرار کرو تو میرا کچھ نقصان نہیں، کیونکہ میں نے تم سے کوئی مزدوری نہیں مانگی۔ تمھارے نہ ماننے یا بے رخی کرنے سے میرے ثواب اور مزدوری میں کمی نہیں ہو گی، وہ میرے اللہ کے ذمے ہے، جو مجھے کبھی تمھارا محتاج نہیں ہونے دے گا۔ دیکھیے سورۂ طٰہٰ (۱۳۲) میری طرف سے تمھیں ایمان لانے کی دعوت بھی تمھارے ہی فائدے کے لیے ہے اور مجھے حکم ہے کہ مسلمین (حکم ماننے والوں) سے ہو جاؤں۔ معلوم ہوا کہ تمام انبیاء کا دین اسلام ہی تھا اور وہ سب مسلم تھے۔