سورة الاعراف - آیت 4

وَكَم مِّن قَرْيَةٍ أَهْلَكْنَاهَا فَجَاءَهَا بَأْسُنَا بَيَاتًا أَوْ هُمْ قَائِلُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور ہم نے بہت سی بستیاں ہلاک کیں سو راتوں رات یا دوپہر کو جب وہ سو رہے تھے ان پر ہمارا عذاب آ گیا ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(4) جو لوگ اللہ کی طرف سے نازل شدہ کتاب و سنت کی اتباع نہیں کرتے انہیں دھمکی دی گئی ہے، کہ تم سے پہلے بھی بہت سی بستیوں والوں نے ہمارے رسولوں کی مخالفت کی اور ان کی تکذیب کی، تو ہمارے عذاب نے انہیں رات کو سونے کی حالت میں ( جیسا کہ قوم لوط کے ساتھ ہوا) یادن میں دوپہر کو آرام کرتے وقت (جیسا کہ قوم شعیب کے ساتھ ہوا) آدبوچا، اس وقت انہوں نے اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خود اپنے اوپر ظلم کیا ہے، اور ہم اس عذاب کے حقدار ہیں۔